• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بولی وڈ اداکارہ ہیزل کیچ اور یوراج سنگھ کے ہاں بیٹے کی پیدائش

شائع January 26, 2022
دونوں نے سوشل میڈیا پر والدین بننے کی تصدیق کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے سوشل میڈیا پر والدین بننے کی تصدیق کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سابق بھارتی کرکٹر یوراج سنگھ اور بولی وڈ اداکارہ ہیزل کیچ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شوبز و اسپورٹس شخصیات نے دونوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

یوراج سنگھ اور ہیزل کیچ نے 25 جنوری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔

دونوں نے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش پر شکر ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات پر اہل خانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

دونوں نے ایک جیسا ہی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے جہاں اپنے والدین بننے کی تصدیق کی، وہیں انہوں نے میڈیا سے اپنی پرائیویسی کا خیال رکھنے کی التجا بھی کی۔

دونوں نے اس حوالے سے مزید کوئی معلومات جاری نہیں کیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ بچے اور ماں کی صحت کیسی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: یوراج سنگھ کی ہیزل کیچ سے شادی

دونوں نے اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش سے متعلق بھی پہلے کوئی اعلان نہیں کیا تھا اور نہ ہی ہیزل کیچ نے گزشتہ ایک سال سے اپنی تازہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

دو ماہ قبل دونوں نے شادی کی سالگرہ کے موقع پر پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا تھا۔

ہیزل کیچ اور یوراج سنگھ نے دسمبر 2016 میں کچھ عرصے تک تعلقات میں رہنے کے بعد شادی کی تھی۔

شادی کے تین سال بعد یوراج سنگھ نے 2019 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی، جس کے بعد وہ مختلف ٹی وی شوز اور انٹرٹینمنٹ پروگرامات میں دکھائی دیے۔

یوراج سنگھ کا شمار بھارت کے ماضی کے مقبول ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے، جب وہ کرکٹ کے عروج پر تھے، تب ہی ان کے تعلقات ہیزل کیچ سے استوار ہوئے تھے۔

ہیزل کیچ بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن میں بھی شامل تھیں جب کہ انہوں نے چند بولی وڈ فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

ہیزل کیچ اچھی ڈانسر اور کامیڈین بھی ہیں، وہ مختلف برانڈز کی تشہیری مہم میں بھی دکھائی دیتی ہیں۔

ہیزل کیچ اور یوراج سنگھ کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد شوبز، اسپورٹس اور سیاسی شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024