• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm

عتیقہ اوڈھو، حرا اور مانی کورونا سے صحت یاب

شائع January 25, 2022
تینوں اداکاروں نے معمولات زندگی بحال کردیں
تینوں اداکاروں نے معمولات زندگی بحال کردیں

اداکارہ حرا اور ان کے شوہر اداکار و میزبان مانی محض 6 دن بعد ہی کورونا سے صحت یاب ہوگئے جب کہ سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو بھی 9 دن بعد صحت یاب ہوگئیں۔

اداکارہ حرا مانی نے 19 جنوری کو بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد ان کے شوہر نے ان کے وبا سے متاثر ہونے پر سوال اٹھایا تھا کہ یہ طے کون کرے گا کہ کس کو کس سے کورونا لگا؟

اہلیہ کی جانب سے کورونا کا شکار ہونے کے بعد مانی بھی کورونا سے متاثر ہوگئے تھے اور انہوں نے بھی مداحوں کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ بھی وبا کا شکار ہوگئے۔

ابتدائی طور پر حرا مانی نے بتایا تھا کہ وہ کورونا سے متاثر ہوئی ہیں، جس کے بعد ان کے شوہر نے بھی ٹیسٹ کرایا تھا جو کہ مثبت آیا تھا۔

دونوں میاں اور بیوی پہلی بار کورونا کا شکار ہوئے تھے، دونوں نے گزشتہ برس جون میں کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوائی تھی۔

ویکسین لگوانے کی حرا مانی کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، کیوں کہ ویڈیو میں انہیں انجکشن کے درد سے چیختے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حرا مانی کے کورونا کے شکار ہونے پر شوہر نے سوال اٹھا دیا

کورونا میں مبتلا ہونے کے محض 6 دن بعد حرا اور مانی نے انسٹاگرام پر اپنی تازہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ صحت یاب ہوگئے اور انہوں نے معمولات زندگی بحال کردیں۔

حرا مانی نے شوہر کے ہمراہ رومانوی انداز میں ساحل سمندر پر کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی صحت یابی کی تصدیق کی۔

مانی نے بھی ساحل سمندر پر ساتھیوں کے ہمراہ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بھی کورونا سے صحت یاب ہوگئے۔

عتیقہ اوڈھو 9 دن بعد صحت یاب

دوسری جانب سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی کورونا سے صحت یاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ویڈیو میں مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

عتیقہ اوڈھو نے 24 جنوری کو جاری کردہ ویڈیو میں بتایا کہ ویکسینیشن کی وجہ سے ان میں کورونا کی شدید علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں اور وہ جلد صحت یاب بھی ہوگئیں۔

سینیئر اداکارہ کے مطابق ویکسینیشن کے باوجود ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی، تاہم شکر ہے کہ اسی وجہ سے انہیں زیادہ تکلیف برداشت نہیں کرنی پڑی۔

مزید پڑھیں: عتیقہ اوڈھو ’کورونا‘ کا شکار

اداکارہ نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ ویکسینیشن کروانے کے باوجود سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور لازمی طور پر فیس ماسک کا استعمال کریں۔

انہوں نے خصوصی طور پر کراچی کے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ نہ صرف سماجی فاصلہ اختیار کریں بلکہ فیس ماسک کا استعمال بھی لازمی کریں، کیوں کہ حالیہ دنوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے 16 جنوری کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو گھر تک محدود کرلیا۔

عتیقہ اوڈھو، حرا اور مانی سے قبل سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور ماہرہ خان بھی کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون’ کا شکار ہوئی تھیں اور جلد ہی صحت یاب ہوگئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025