• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ’آگے دیکھ’ آتے ہی مقبول

شائع January 24, 2022
گانے کی ویڈیو میں عبداللہ صدیقی کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
گانے کی ویڈیو میں عبداللہ صدیقی کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی آواز میں جاری کردیا گیا۔

’آگے دیکھ’ کی تین منٹ کی ویڈیو میں گلوکاروں اور موسیقار عبداللہ صدیقی کو بھی پرفارمنس کرتے دکھایا گیا ہے۔

آفیشل ترانے کی ویڈیو میں کرکٹ کے روایتی گانوں کی طرح گلیوں میں کھیلتے بچوںِ کھیل کے میدانوں اور شائقین کے جوش و جذبے کو بھی دکھایا گیا ہے۔

’آگے دیکھ’ کی موسیقی عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے جب کہ اس کی ہدایات ذیشان پرویز نے دی ہیں اور پہلی بار عاطف اسلم نے کرکٹ کا آفیشل ترانہ گایا ہے۔

عاطف اسلم نے پہلی بار پی ایس ایل کے لیے گیت گایا ہے جب کہ آئمہ بیگ گزشتہ ریلیز ہونے والے ترانے ’گروو میرا‘ کا بھی حصہ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2022 کے آفیشل ترانے کا ٹیزر جاری

خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر اس سال بھی گزشتہ برس کی طرح نصیبو لال بھی ترانے میں واپسی کریں گی، تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔

پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس کا پہلا گانا گلوکار علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا گیا تھا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل فرسٹ کا گانا ’اب کھیل کے دکھا‘ کافی سراہا گیا تھا اور اسی وجہ سے علی ظفر کی آواز میں ہی ابتدائی تین پی ایس ایل کے گانے جاری کیے گئے۔

پی ایس ایل دوئم کا گانا ’اب کھیل جمے گا‘ جنوری 2017 میں جبکہ پی ایس ایل تھری کا گانا ’دل سے جان لگا دے‘ جنوری 2018 میں ریلیز کیا گیا اور مجموعی طور پر علی ظفر کے تینوں گانوں کو پسند کیا گیا۔

پی ایس ایل فور کا گانا ’کھیل دیوانوں کا‘ اداکار فواد خان اور ینگ دیسی بینڈ کی آواز میں جنوری 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل فائیو کا گانا ’تیار ہیں‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، ذوالفقار جبار خان اور ہارون رشید کی آواز میں جنوری 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

پی ایس ایل فائیو کے گانے کو بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ پی ایس ایل 6 کے گانے ’گروو میرا‘ پر بھی شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔

گزشتہ برس جہاں ’گروو میرا’ پر تنقید کی گئی تھی، وہیں اس کی تعریفیں بھی کی گئی تھیں اور لوگوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 7 کے ترانے میں بھی نصیبو لال کو شامل کیا جائے، تاہم ایسا نہیں ہو سکا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024