• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’ریپنگ‘ کے نام سے ناواقف ’کنا یاری‘ فیم بلوچ لڑکی کیسے ’ایوا بی‘ بنیں؟

’کوک اسٹوڈیو سیززن 14‘ کے بلوچ گانے ’کنا یاری‘ کی حجابی ریپر ملک کے پسماندہ ترین صوبے سے تعلق رکھتی ہیں۔
شائع January 21, 2022

’کوک اسٹوڈیو سیززن 14‘ کے پہلے گانے ’تو جھوم‘ کی طرح دوسرے گانے ’کنا یاری‘ کے بھی ملک بھر میں چرچے ہیں، تاہم سب سے زیادہ تعریفیں حجابی ریپر گلوکارہ کی کی جا رہی ہیں۔

’کنا یاری‘ کو 19 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے کیفی خلیل اور ایوا بی نے لکھا اور گایا ہے جب کہ عبدالوہاب بگٹی نے ان کا ساتھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کوک اسٹوڈیو سیزن 14‘: ’تو جھوم‘ کے بعد ’کنا یاری‘ کے چرچے

’کنا یاری‘ کو منفرد موسیقی اور ریپنگ کی وجہ سے کافی سراہا جا رہا ہے اور لوگوں کے مطابق ایوا بی اور کیفی خلیل کا گانا سن کر ہی احساس ہوتا ہے کہ موسیقی عالمی زبان ہے جو ہر کسی کو سمجھ آجاتی ہے۔

مذکورہ گانے میں ایوا بی کو حجاب کے ساتھ مغربی انداز میں ریپنگ پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھ کر لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں مگر بہت سارے لوگ نہیں جانتے کہ وہ حجابی ریپر گلوکارہ ملک کے پسماندہ ترین صوبے بلوچستان سے تعلق رکھتی ہیں۔

ایوا بی نے تین سال قبل انسٹاگرام پر 2018 کے اختتام پر اپنا پہلا ریپر گلوکاری کا گانا شیئر کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

ایوا بی شروع سے ہی ثقافتی بلوچ لباس پہنتی آ رہی ہیں—فوٹو: ایوا بی انسٹاگرام
ایوا بی شروع سے ہی ثقافتی بلوچ لباس پہنتی آ رہی ہیں—فوٹو: ایوا بی انسٹاگرام

پہلے گانے کے بعد لوگوں کی حوصلہ افزائی کے بعد ایوا بی نے مسلسل ریپر گانے ریلیز کیے اور ان کے انداز کو کافی پسند کیا گیا۔

ایوا بی نے کیریئر کے آغاز میں ہی نہ صرف اپنے بلوچ ثقافتی لباس کو پہننا شروع کیا بلکہ انہوں نے مکمل حجاب کرنا بھی شروع کیا اور اسی وجہ سے ان کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے کو ملا مگر کوک اسٹوڈیو کے گانا ’کنا یاری‘ نے انہیں ملک بھر میں مشہور کیا۔

ایوا بی بول بیٹس کا بھی حصہ رہیں—فوٹو: ایوا بی انسٹاگرام
ایوا بی بول بیٹس کا بھی حصہ رہیں—فوٹو: ایوا بی انسٹاگرام

کوک اسٹوڈیو سے بات کرتے ہوئے ہی ایوا بی نے بتایا کہ انہیں پہلے تو ’ریپنگ‘ موسیقی اور گلوکاری کا کچھ پتہ ہی نہیں تھا مگر جب انہوں نے پہلی بار امریکی ریپر ایمینم کو سنا تو انہیں ایسے ہی گیت لکھنے کا شوق ہوا۔

ایوا بی نے بتایا کہ ان کے گھر والوں نے سماجی دباؤ اور لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے ان پر سختیاں بھی عائد کیں مگر ان کی والدہ نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں کہا کہ وہ ایک دن معروف ریپر بنیں گی۔

ایوا بی کا کہنا تھا کہ اب وہ حجاب کی اتنی عادی ہو چکی ہیں کہ اگر ان سے حجاب واپس لیا جائے تو وہ گلوکاری ہی نہیں کر سکیں گی۔

’کنا یاری‘ گلوکارہ کے مطابق وہ حجاب میں خود کو پرسکون اور محفوظ تصور کرتی ہیں اور انہیں اس کے ساتھ ہی ریپنگ گلوکاری میں مزہ آتا ہے۔

کوک اسٹوڈیو کی ایک اور ویڈیو میں انہوں نے اور کیفی خلیل نے ’کنا یاری‘ کا مفہوم بھی بتایا اور کہا کہ دراصل مذکورہ گانا محبت کی بیوفائی پر مبنی ہے۔

ایوا بی نے بتایا کہ وہ ’کنا یاری‘ میں کیفی خلیل کی جانب سے ’بے وفائی‘ کے شکوے کرنے کا جواب دیتی ہیں اور گانے میں دراصل ایک پریمی جوڑے کے درمیان علیحدگی، بیوفائی اور غداری کی باتیں بیان کی گئی ہیں، جس پر دونوں ایک دوسرے سے شکوے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اسی حوالے سے کیفی خلیل نے بتایا کہ دراصل وہ گانا محبوبا کی بیوفائی سے شروع کرتے ہیں کہ وہ محبت میں دغائی کر گئیں اور ساتھ ہی وہ گانے میں محبوبا کو طعنے دیتے ہیں کہ وہ تو خلیجی ممالک کی شہزادی ہیں جب کہ وہ لیاری میں برباد زندگی گزار رہے ہیں۔