• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کا چین پر سرحد سے لاپتا نوجوان کو اغوا کرنے کا الزام

شائع January 20, 2022
ہندوستانی فوج نے اپنے چینی ہم منصب سے نوجوان میرام تروم کو تلاش اور اس کی واپسی کے لیے رابطہ کیا— فائل فوٹو: رائٹرز
ہندوستانی فوج نے اپنے چینی ہم منصب سے نوجوان میرام تروم کو تلاش اور اس کی واپسی کے لیے رابطہ کیا— فائل فوٹو: رائٹرز

ہندوستان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ چین اور بھارت کی مشترکہ سرحد کے قریب سے لاپتا ہونے والے 17 سالہ ہندوستانی نوجوان کو چینی فوج نے پکڑ لیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق وزارت دفاع کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق ہندوستانی فوج نے اپنے چینی ہم منصب سے نوجوان میرام تروم کو تلاش اور اس کی واپسی کے لیے رابطہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: لداخ تنازع: بھارت، چین کے درمیان مذاکرات ’ناکام‘، سرحدی کشیدگی میں اضافہ

ایک علیحدہ ٹوئٹ میں شمال مشرقی بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے رکن اسمبلی تاپیر گاؤ نے کہا کہ نوجوان کو مبینہ طور پر منگل کو اغوا کیا گیا تھا جبکہ اس کا ایک دوست فرار ہو گیا تھا اور اس نے بھارتی حکام کو مطلع کیا۔

چینی وزارت خارجہ سے تبصرے کے لیے فوری طور پر رابطہ نہیں کیا جا سکا۔

بھارت اور چین کی طویل اور متنازع ہمالیائی سرحد پر اکثر جھڑپیں ہوتی رہی ہیں اور چین تبت کے علاقے کے طور پر اروناچل پردیش کے پورے حصے پر اپنا دعویٰ کرتا ہے۔

2020 میں وادی گولن میں دونوں ملکوں کی افواج میں جھڑپوں میں کم از کم 20 ہندوستانی اور چار چینی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سرحدی علاقے میں چین سے جھڑپ، افسر سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک

حالیہ برسوں میں سرحد کے قریب ہندوستانی شہریوں کے لاپتا ہونے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جن کے بارے میں بھارت دعویٰ کرتا رہا ہے ان فوجیوں کو چین نے اغوا کرنے کی کوشش کی البتہ چین ان دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024