• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان میں یومیہ کورونا کیسز کی دوسری بلند ترین تعداد رپورٹ

شائع January 20, 2022
کورونا سے متاثر ہوکر مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے — شٹر اسٹاک فوٹو
کورونا سے متاثر ہوکر مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے — شٹر اسٹاک فوٹو

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 6 ہزار 808 نئے کیسز سامنے آئے جو وبا کے آغاز سے اب تک یومیہ کیسز کی دوسری بڑی تعداد ہے۔

گزشتہ سال 13 جون کو ایک دن میں 6 ہزار 825 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ملک میں صرف ایک دن میں مثبت کیسز کی شرح 9.48 فیصد سے بڑھ کر 11.55 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا سے متاثر مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، ملک میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 29 ہزار 42 ہوچکی ہے۔

چوبیس گھنٹوں میں کورونا میں مبتلا 426 مریض صحتیاب ہونے کے بعد کورونا سے صحتیاب افراد کی کل تعداد 12 لاکھ 65 ہزار 665 ہوگئی۔

پاکستان میں فعال کیسز کی تعداد 51 ہزار 94 ہوچکی ہے جن میں سے 918 کی حالت تشویشناک ہے۔

چوبیس گھنٹوں میں 4لاکھ 57 ہزار 929 افراد کی مکمل ویکسینیشن کی جاچکی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں مکمل ویکسینیشن والے افراد کی تعداد 7 کروڑ 83 لاکھ 89 ہزار 942 ہوگئی ہے۔

چوبیس گھنٹوں میں 2 لاکھ 29 ہزار 310 لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی گئی ہے۔

این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 10 کروڑ 26 لاکھ 88 ہزار 959 لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2022: کووڈ کے سبب صرف 25فیصد شائقین کے ساتھ میچز کے انعقاد کا فیصلہ

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

  • سندھ: 3 ہزار 738 کیسز، ایک موت
  • پنجاب: ایک ہزار 493 کیسز، 2 اموات
  • خیبر پختونخوا: 331 کیسز، 2 اموات
  • بلوچستان: 36 کیسز
  • اسلام آباد: ایک ہزار 131 کیسز
  • گلگت بلتستان: 6 کیسز
  • آزاد کشمیر: 73 کیسز

کراچی میں کورونا بے قابو

اومیکرون ویرینٹ کے سبب ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ روز 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کورونا کیسز 3 ہزار سے متجاوز، صوبے میں اِن ڈور تقریبات پر پابندی عائد

شہر میں مثبت کیسز کی شرح 40.13 فیصد تک جا پہنچی ہے، یہ شرح ملک کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں 7 ہزار 670 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 149 کیسز مثبت آئے ہیں۔

این سی او سی کی نئی پابندیاں

کورونا وائرس کے ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث این سی او سی نے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں اِن ڈور اجتماعات، 12 سال سے کم عمر طلبہ کے لیے 50 فیصد حاضری سمیت متعدد پابندیاں عائد کردی ہیں۔

این سی او سی کی نئی پابندیوں کا اطلاق 20 سے 30 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران 27 جنوری کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون ویرینٹ: اسکولوں میں 50 فیصد حاضری کا فیصلہ، انڈور تقریبات پر پابندی

تاہم شادیوں کے لیے عائد کردہ پابندیاں 24 جنوری سے نافذالعمل ہو کر 15 فروری تک جاری رہیں گی۔

اسی طرح انڈور ڈائننگ پر پابندی کا اطلاق بھی 24 جنوری سے ہوگا۔

خیال رہے کہ این سی او سی نے 18 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کر چکے ہیں انہیں بوسٹر شاٹس لگوانے کی ہدایت دی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Adee l Jan 20, 2022 08:33pm
Good work

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024