بگ بیش لیگ میں حسنین کا باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ
پاکستان کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کا بگ بیش لیگ(بی بی ایل) میں باؤلنگ ایکشن مشکوک رپورٹ ہو گیا ہے اور اب ان کے ایکشن کا لاہور میں ٹیسٹ ہو گا۔
حیدرآباد میں پیدا ہونے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر نے آسٹریلیا کی ٹی20 لیگ بگ بیش لیگ میں یادگار ڈیبیو کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں تین وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیں: حسنین کا بگ بیش میں ٹرپل وکٹ میڈن کے ساتھ شاندار ڈیبیو
لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرنے والے باؤلر پر سڈنی سکسرز کے خلاف میچ کے دوران چکنگ کا الزام لگایا گیا اور ان پر یہ الزام موئسز ہینریکس نے لگایا تھا۔
تاہم اب بی بی ایل میں امپائرز نے بھی ان کا ایکشن مشکوک قرار دے دیا ہے اور 19 جنوری کو ان کا آسٹریلیا میں باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کیا جانا تھا تاہم پاکستان واپسی کی وجہ سے ان کا ٹیسٹ اب ملک میں ہی ہو گا۔
کیریربیئن پریمیئر لیگ میں 155کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والے نوجوان کا لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی منظور شدہ لیبارٹری میں ٹیسٹ ہو گا۔
آئی سی سی قوانین کے تحت باؤلر کا ایکشن 15 ڈگری کے زاویے کے اندر ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ ایک ایسے موقع پر ہونے والا ہے جب پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز میں اب بس چند دن ہی باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محمد حسنین کی سری لنکا کے خلاف ٹی20 میچ میں ہیٹ ٹرک
حسنین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ کا اہم حصہ تصور کیے جاتے ہیں لیکن اگر ان کا ایکشن غیرقانونی قرار دیا گیا تو ایکشن درست ہونے تک ان کی تمام عالمی اور ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
مقامی قوانین کے تحت حسنین کو پی ایس ایل میں باؤلنگ کی اجازت دی جا سکتی ہے لیکن اس سے قبل آئی سی سی کی جانب سے جن باؤلرز کے ایکشن مشکوک قرار دیے گئے تھے، انہیں لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
محمد حسنین اب تک 8 ون ڈے میچوں اور 18 ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔