ویوو کا ایک اور کم قیمت اسمارٹ فون وائے 55 فائیو جی
ویوو نے دسمبر 2021 میں اپنا سب سے زیادہ طاقتور بیٹری والا فون وائے 55 ایس 5 جی متعارف کرایا تھا۔
یہ اس کمپنی کا پہلا فون تھا جس میں 6000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی تھی اور اب اس سے ملتا جلتا ایک اور فون وائے 55 فائیو جی پیش کیا گیا۔
مگر اس نئے فون میں 6000 ایم اے ایچ کی بجائے 5000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے۔
فون میں 6.58 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ میں چھپا ہوا ہے۔
وائے 55 میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 700 پراسیسر موجود ہے جس کے ساتھ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے اپنے فن ٹچ او ایس 12 سے کیا گیا ہے جبکہ بیٹری کے ساتھ 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
اس فون میں بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو کیمرا دیا گیا ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے تائیوان میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور اس کی قیمت 290 ڈالرز (51 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔