• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کورونا کیسز کی مثبت شرح دیکھ کر کیا جائے گا، این سی او سی

شائع January 17, 2022
اجلاس کے شرکا نے پانچویں لہرمیں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
اجلاس کے شرکا نے پانچویں لہرمیں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کو مؤخر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ویکسی نیشن کا عمل تیزکرنے پراتفاق کیا گیا جبکہ اجلاس میں پی سی ایل میچ کے دوران شائقین کی تعداد سمیت دیگراقدامات سے متعلق پی سی بی سے بھی رائے بھی طلب کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر صوبوں کی اتفاق رائے سے وائرس سے بچاؤ کے نئے ضابطے (ایس او پیز) مقرر کیے گئے ہیں، جن کا نفاذ آئندہ 48 گھنٹوں میں کردیا جائے گا۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھلے رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم اسکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے فیصلہ کرنے سے قبل تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس کے شرکا نے پانچویں لہرمیں اضافے پر تشویش کا اظہارکیا۔

مزید پڑھیں: این سی او سی اجلاس، ملک میں نئی کورونا پابندیاں نافذ

اجلاس میں وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود، میجر جنرل محمد ظفر اقبال اور صوبائی وزراء سمیت این سی اوسی حکام نے شرکت کی۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر حالات کا جائزہ لینے کے لیے کل پھر اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں کورونا وائرس کی اعداد شمارسمیت تمام تر حالات پر ایک بارپھر غور کیا جائے گا۔

یاد رہے 15 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں موجودہ ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزرائے صحت اور تعلیم کا اجلاس طلب کیا گیا تھا تاکہ نئے ایس او پیز تجویز دی جائیں، جس میں تعلیم کے شعبے، عوامی اجتماعات، شادی کی تقریبات، انڈور اور آؤٹ ڈور کھانے اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر توجہ دی جائے۔

این سی او سی نے 17 جنوری 2022 سے ہوائی سفر میں کھانے اور ناشتے پر مکمل پابندی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) سے کہا ہے کہ وہ پرواز کے اندر ماسک پہننے کو یقینی بنائے اور تمام ہوائی اڈوں پر کورونا ایس او پیز کو بھی نافذ کرے۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کا تعلیمی اداروں میں 11 اکتوبر سے معمول کے مطابق کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ

این سی او سی نے بیان میں کہا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی کھانے اور ناشتے کی فراہمی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس سے 4 ہزار 340 افراد متاثر ہوئے اور 7 انتقال کر گئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 8.71 ہوگئی۔

اس وقت ملک میں وائرس کے 35 ہزار 982 فعال کیسز موجود ہیں جن میں سے 781 کی حالت تشویشناک ہے۔

یاد رہے حکومت کی کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت کی 18 سال سے زائد عمر افراد کو مکمل ویکسین لگوانے کے بعد بوسٹر شارٹ لگانے کی اجازت دی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ایس اور پیز پر مکمل عمل درآمد ویکسی نیشن کی سخت تنبیہ کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024