• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت کا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہریت دینے کا فیصلہ

شائع January 15, 2022
حکومت نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ امیر عرب حکمران پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہیں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
حکومت نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ امیر عرب حکمران پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہیں گے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستانی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ خاص طور پر افغان اور چینی شہریوں سے بھاری سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے اس منصوبے کی تصدیق کی۔

حکومت کا خیال ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستانی شہریت اور ملکیتی حقوق دے کر اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرے گی۔

مزید پڑھیں: غیر ملکی سرمایہ کاروں کو شہریت دینے کے حوالے سے یکساں پالیسی بنائی جائے، وزیر اعظم

فواد چوہدری نے پاکستان کی نئی قومی سلامتی پالیسی کے پیش نظر جیو اکنامکس کو اپنے قومی سلامتی کے نظریے کا بنیاد قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی شہریوں کے لیے مستقل رہائش کی اسکیم کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، نئی پالیسی غیر ملکیوں کو سرمایہ کاری کے بدلے مستقل رہائشی کا درجہ حاصل کرنے کی اجازت دیتی ہے۔

اس پیش رفت سے باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حکومت اُن دولت مند افغان شہریوں سے بھاری سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہتی ہے جو اس وقت ایران، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والوں میں بھارتی سرفہرست

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ بھی امید ہے کہ امریکا میں مقیم سکھ شہری ملک میں سکھوں کے مذہبی مقامات سے اپنی محبت کی وجہ سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں خوش ہوں گے۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حالیہ بیانات میں اشارہ دیا کہ وہ اعلیٰ چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے اپنی صنعتیں خطے کے دیگر ممالک میں منتقل کی ہیں۔

حکومت نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ امیر عرب حکمران، جو ہر سال شکار کے لیے پاکستان آتے ہیں، پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024