• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

تیسرے ٹیسٹ میں شکست، بھارت کا جنوبی افریقہ میں سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور

شائع January 14, 2022
میچ میں فتح کے بعد راسی وین ڈر ڈوسن اور ٹیمبا باووما کا ایک انداز— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
میچ میں فتح کے بعد راسی وین ڈر ڈوسن اور ٹیمبا باووما کا ایک انداز— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

جنوبی افریقہ نے کیگن پیٹرسن کی دونوں اننگز میں نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کپتان ویرات کوہلی نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ایک مرتبہ پھر ان کا 71ویں انٹرنیشنل سنچری بنانے کا خواب پورا نہ ہو سکا جبکہ چتیشور پجارا نے 43رنز بنائے۔

بھارت کی ٹیم 223 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 4 اور مارکو جینسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز جسپریت بمراہ کی عمدہ باؤلنگ کے سبب خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

پیٹرسن 72 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ ٹیمبا باووما نے 28 اور کیشپ مہاراج نے 25رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بھارت نے پہلی اننگز میں 13 رنز کی برتری حاصل کی، بمراہ نے پانچ وکٹیں لیں ۔

بھارت کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 58 رنز پر چار بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے تاہم کوہلی اور ریشابھ پنت کی 94 رنز کی شراکت نے مہمان ٹیم کی لاج رکھ لی۔

کوہلی نے 29 رنز بنائے لیکن ریشابھ پنت نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچری اسکور کی البتہ اس کے باوجود بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 198 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا۔

مارکو جینسن نے 4 اور کگیسو ربادا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں ایڈن مرکرم صرف 16 رنز پر چلتے بنے لیکن اس کے بعد کپتان ڈین ایلگر اور کیگن پیٹرسن کی جوڑی بھارتی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئی۔

دونوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ 78 رنز کی ساجھے داری بھی قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ایلگر 30 رنز بنانے کے بعد بمراہ کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے پیٹرسن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور راسی وین ڈر ڈوسن کے ہمراہ 54 رنز جوڑے، انہوں نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی اور 82 رنز کی اننگز تراشنے کے بعد شردل ٹھاکر کی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اس کے بعد ڈوسن اور ٹیمبا باووما نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا، ڈوسن نے 41 اور باووما نے 32رنز بنائے۔

پیٹرسن کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کر لی اور بھارت کا جنوبی افریقی سرزمین پر سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024