• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

پاکستان نے 7 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف پورا کرلیا

شائع December 31, 2021
پاکستان میں 3 فروری سے ویکسینیشن کے عمل کا باضابطہ آغاز ہوا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں 3 فروری سے ویکسینیشن کے عمل کا باضابطہ آغاز ہوا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے تقریباً 11 ماہ کے عرصے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملکی آبادی کے بڑے حصے یعنی 7 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف پورا کرلیا۔

یاد رہے کہ رواں برس یکم فروری کو چین کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی سائنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں کا عطیہ ملنے کے بعد پاکستان میں 3 فروری سے ویکسینیشن کے عمل کا باضابطہ آغاز ہوا تھا۔

ویکسینیشن سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے شروع کی گئی تھی جس کے بعد آبادی کے مختلف حصوں کے لیے درجہ بدرجہ اس کا آغاز کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کو ویکیسن لگائی جائے گی، فیصل سلطان

عوام میں ویکسینیشن کے رجحان کو بڑھانے کے لیے حکومت نے کام کی جگہوں، شاپنگ سینٹرز، سفر، دفاتر سمیت مختلف مقامات کے لیے اسے لازمی قرار دے دیا تھا۔

آج ملک میں 7 کروڑ افراد کی ویکسینیشن مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ این سی او سی کی انتھک محنت کرنے والی ٹیم، وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ اور صحت کی ٹیموں کی بے پناہ محنت سے ایک ہدف جس کو لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے وہ آج حاصل ہوگیا۔

اس کے علاوہ ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے ملک کے مختلف حصوں کے لحاظ سے مکمل ویکسینیشن کے اعداد و شمار شیئر کیے، جو درج ذیل ہیں:

اسلام آباد میں سب سے زیادہ 77 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔

پنجاب: ٪51

گلگت بلتستان: ٪46

آزاد کشمیر: ٪45

بلوچستان: ٪42

خیبرپختونخوا: ٪41

سندھ: ٪37

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کی 46 فیصد اہل آبادی مکمل ویکسینیٹڈ ہوچکی ہے جبکہ 63 فیصد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔

ویکسینیشن کے اخراجات

اس کے علاوہ انہوں نے ویکسینیشن مہم پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات بھی بتائیں جس کے مطابق وفاقی حکومت اب تک تقریباً 250 ارب روپے کی ویکسینز خرید چکی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں ویکسین کی 100 فیصد خریداری وفاقی حکومت نے کی اور قطع نظر اس کے کہ وہ کس صوبے کے رہائشی ہیں، تمام شہریوں کو مفت ویکسین لگائی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان بھر میں 15 لاکھ 99 ہزار 380 افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

اب تک ملک میں مجموعی طور پر ویکسین کی 15 کروڑ 66 لاکھ 23 ہزار خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024