• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

روس ٹیلر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ

شائع December 30, 2021 اپ ڈیٹ August 11, 2022
—تصویر: ای ایس پی این کرک انفو
—تصویر: ای ایس پی این کرک انفو

نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ 2 میچوں کی سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس ٹیلر محدود اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ میں آخری میچ آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کے خلاف کھیلیں گے۔

37 سالہ روس ٹیلر نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2007ء میں کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کیویز کے لیے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نیوزی لینڈ کے لیے کھیلے گئے 110 میچوں میں 44.87 کی اوسط سے 7 ہزار 584 رنز اسکور کیے ہیں۔

ان کا شمار ان 4 کیوی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 100 سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، ان کے پاس بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 581 رنز اور 21 سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ بھی موجود ہے، وہ دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے تمام فارمیٹ میں ایک سو بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔

مزید پڑھیے: بھارت کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں شکست، نیوزی لینڈ پہلا چیمپئن

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے اور میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔

’اس کھیل کے کچھ عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنا اور اس دوران بہت ساری یادیں سمیٹنا اور دوستیاں بنانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ لیکن تمام اچھی چیزوں کا خاتمہ ہونا ہے اور میرے لیے یہی وقت صحیح محسوس ہوتا ہے۔

رواں سال ساؤتھمپٹن میں ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چمپئین شپ کے فائنل میں انہوں نے بھارت کے خلاف فیصلہ کن رنز بناکر نیوزی لینڈ کو فتح سے ہمکنار کیا تھا تاہم حالیہ دورہ بھارت میں ان کے کریئر کے بارے میں سوالات اٹھنے لگے تھے، اس دورے میں وہ 4 اننگز میں 11 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے تھے۔

نیوزی لینڈ اور بنگله دیش کی سیریز یکم جنوری کو ماؤنٹ موگانوئی میں شروع ہورہی ہے۔

نیوزی لینڈ کے کوچ کا کہنا ہے کہ روس ٹیلر ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر رخصت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک بلے باز کے طور پر ان کی مہارت اور مزاج بہترین رہا ہے اور اتنے طویل عرصے تک اتنی اعلیٰ سطح پر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ان کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

’ان کے تجربے نے لاتعداد مواقعوں پر ٹیم کو جوڑے رکھا اور ان کا کیچنگ ریکارڈ تو اپنی مثال آپ ہے، اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہم انہیں بہت یاد کریں گے‘۔

روس ٹیلر رواں سیزن کے اختتام تک ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے اور اس کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024