قائد اعظم کے نظریات کی پیروی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے، صدر و وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائداعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اور نظم کے نظریات پر عمل پیرا ہونا ہے۔
بابائے قوم محمد علی جناح کے 146ویں یومِ پیدائش پر ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا، ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قوم زندگی کے ہر شعبے میں قائد اعظم کے نقش قدم پر چلے، صدر و وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا بڑے چیلنجز اور مخالفتوں کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا، مشکلات اور چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اور نبی اکرم ﷺ کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اُن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہے،جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی اوراپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا ہے۔
پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئےلگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا، صدر مملکت
صدر عارف علوی نےقائدِ اعظم کے 145 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں پر عمل کرنا ہوگا ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں اورہر فرد کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی خوشحالی کے لیے معاشرے کے نظر انداز کیے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔
محاسبہ کریں کہ قائد کے فرمان پر کتنا عمل کیا، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بابائے قوم کے یومِ پیدائش پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم قول کے سچے، دُھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے، وہ راست گو اور راست باز انسان تھے جو ہمیشہ سیدھے راستے پر ہی چلے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، ان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے، تاریخ نے ثابت کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے سیاسی اصولوں، ریاستی امور کار اور حقوق کے معاملے میں مسلم اور غیرمسلم کا فرق نہیں کیا بلکہ پاکستانی ہونے کا اصول اپنایا، پاکستان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی اور جوگندر ناتھ منڈل کا پہلی کابینہ میں شامل ہونا اس سوچ کا واضح اظہار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن محاسبے کا دن ہے کہ ہم نے بابائے قوم کے فرمودات اور نظریات پر کتنا عمل کیا؟
مزید پڑھیں:بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 145واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا
پاکستان کو قیام پاکستان کے مقاصد سے ہمکنار کرنا ہے تو معاشی طورپر مضبوط ہونا ہوگا، معاشی خودمختاری کے بغیر قیام پاکستان کے مقاصد بھی پورے نہیں ہوسکتے اور پاکستان معاشی طورپر خود مختار نہیں ہوگا تو دوقومی نظریے کے مقاصد بھی ادھورے رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اصول، انصاف، تعلیم، صحت، سماجی و معاشی حقوق کی فراوانی، شعور وآگہی، سوال کرنے کی آزادی رکھنا والا معاشرہ ہی قائداعظم کے پاکستان تھا
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح وزیراعظم عمران خان کے رول ماڈل ہیں، وزیراعظم عمران خان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں معاشی اور ثقافتی اقدار مضبوط اور اقوام عالم میں اس کا مقام بلند تر ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسے ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کر کے ایک متحد اور یکجا قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 146 واں یوم پیدائش آج قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
صبح مزار پر قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دوسرے رہنماوں کے لیے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی گئی اور مرکزی تقریب مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔