• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت کا پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 5 روپے کمی کا اعلان

شائع December 15, 2021
اوگرا نے پیٹرول کی قیمت 10 روپے فی لیٹر کم کرنے کی تجویز دی تھی—فائل/فوٹو: ڈان
اوگرا نے پیٹرول کی قیمت 10 روپے فی لیٹر کم کرنے کی تجویز دی تھی—فائل/فوٹو: ڈان

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے اور پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 5 روپے سستا کردیا گیا ہے۔

خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے کی کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 140 روپے اور 82 پیسے ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 30 پیسے تک کمی کی تجویز

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 137 روپے 62 پیسے پر آگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسے کی کمی کردی گئی ہے، جس کے بعد ان کی فی لیٹر قیمت بالترتیب 109 روپے 53 پیسے اور 107 روپے 6 پیسے ہوگئی ہے۔

قبل ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کو آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 30 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا تھا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر وزارت خزانہ کو پہنچا دیا گیا۔

ورکنگ پیپر میں کہا گیا تھا کہ اوگرا نے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں 10 روپے 30 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت میں 8 روپے 65 پیسے فی لیٹر کمی کا حساب لگایا ہے۔

ڈان کو ایک سینئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن کی مشاورت سے ایک نظرثانی شدہ پیپر پر کام کر رہی ہے تاکہ آئل مارکیٹ کمپنیوں اور ڈیلرز سے ہونے والے معاہدے کے بعد ان کے کمیشن میں اضافوں کی مد میں پیٹرول اور ڈیزل پر بالترتیب 1.70 روپے اور 1.54 روپے کا اضافی چارج شامل کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں 4 روپے کا اضافہ

حکام کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ کمی دیکھی جاتی لیکن گزشتہ 15 روز میں روپے کی قدر میں کمی کو جزوی طور پر بین الاقوامی منڈی میں گراوٹ کے اثرات سے پورا کیا گیا۔

خیال رہے کہ یہ یکم ستمبر کے بعد قیمتوں میں پہلی کمی ہے جب پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کی قیمت بالترتیب 118.30 روپے اور 115.03 روپے فی لیٹر تھی۔

تاہم اس کے بعد سے قیمتیں بڑھتی رہیں اور پیٹرول کی قیمت 145.82 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر 142.62 روپے تک جاپہنچی تھیں۔

حکومت پیٹرول پر 2.34 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 9.80 روپے فی لیٹر جنرل سیلز ٹیکس اور پیٹرول پر 13.62 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 13.15 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بھی وصول کر رہی تھی۔ اس کے علاوہ پیٹرول پر 11.33 روپے فی لیٹر کسٹم/ڈیمڈ ڈیوٹی اور ڈیزل پر اس مد میں 10.45 روپے فی لیٹر وصول کیے جارہے تھے۔

دوسری جانب حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے میں ہر ماہ پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر پیٹرولیم لیوی 4 روپے فی لیٹر بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ 30 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024