• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 30 پیسے تک کمی کی تجویز

شائع December 15, 2021
حکومت کی پیٹرول پر فی لیٹر آمدنی 27.30 روپے اور ایچ ایس ڈی پر 33.38 روپے فی لیٹر ہے— فائل فوٹو:
حکومت کی پیٹرول پر فی لیٹر آمدنی 27.30 روپے اور ایچ ایس ڈی پر 33.38 روپے فی لیٹر ہے— فائل فوٹو:

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کو آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 30 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ پیپر وزارت خزانہ کو پہنچا دیا گیا۔

کاغذ پر متعین کردہ قیمتیں موجودہ پیٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس کی شرح، درآمدی برابری کی قیمت اور ڈیلرز اور او ایم سیز کے کمیشن پر مبنی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں 4 روپے کا اضافہ

ورکنگ پیپر کے مطابق ریگولیٹر نے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں 10 روپے 30 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت میں 8 روپے 65 پیسے فی لیٹر کمی کا حساب لگایا ہے۔

تاہم ایک سینئر اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ وزارت خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن کی مشاورت سے ایک نظرثانی شدہ پیپر پر کام کر رہی ہے تاکہ آئل مارکیٹ کمپنیوں اور ڈیلرز سے ہونے والے معاہدے کے بعد ان کے کمیشن میں اضافوں کی مد میں پیٹرول اور ڈیزل پر بالترتیب 1.70 روپے اور 1.54 روپے کا اضافی چارج شامل کیا جا سکے۔

چنانچہ پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتوں میں بالترتیب 8 روپے 60 پیسے اور 7 روپے 10 پیسے کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ کمی دیکھی جاتی لیکن گزشتہ 15 روز میں روپے کی قدر میں کمی کو جزوی طور پر بین الاقوامی منڈی میں گراوٹ کے اثرات سے پورا کیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

یہ یکم ستمبر کے بعد قیمتوں میں پہلی کمی ہوگی جب پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کی قیمت بالترتیب 118.30 روپے اور 115.03 روپے فی لیٹر تھی۔

تاہم اس کے بعد سے قیمتیں بڑھتی رہیں اور پیٹرول کی قیمت 145.82 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر 142.62 روپے تک جاپہنچی۔

اس وقت حکومت پیٹرول پر 2.34 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 9.80 روپے فی لیٹر جنرل سیلز ٹیکس اور پیٹرول پر 13.62 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 13.15 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بھی وصول کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ پیٹرول پر 11.33 روپے فی لیٹر کسٹم/ڈیمڈ ڈیوٹی اور ڈیزل پر اس مد میں 10.45 روپے فی لیٹر وصول کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات میں 9 روپے تک کا اضافہ متوقع

یوں حکومت کی پیٹرول پر فی لیٹر آمدنی 27.30 روپے اور ایچ ایس ڈی پر 33.38 روپے فی لیٹر ہے۔

حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ہر ماہ پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر پیٹرولیم لیوی 4 روپے فی لیٹر بڑھانے کا وعدہ کیا ہے تاکہ قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ 30 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکے۔

گزشتہ برس تک حکومت ایچ ایس ڈی اور پیٹرول پر 30 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 6 سے 8 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024