• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اکیس سال بعد ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل بھارت کے نام

بھارتی ماڈل و دوشیزہ نے دنیا کے 80 ممالک کی حسیناؤں کو ذہانت اور خوبصورتی میں شکست دی۔
شائع December 13, 2021

پڑوسی ملک بھارت نے 21 سال بعد عالمی سطح کے مقابلہ حسن ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل جیت لیا، 70 سالہ تاریخ میں تیسری بھارتی دوشیزہ ’مس یونیورس‘ منتخب ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق 70 ویں ’مس یونیورس‘ کا ایونٹ اسرائیلی شہر ایلات میں 12 دسمبر کو منعقد ہوا، جس میں بھارتی ماڈل دوشیزہ ہرناز سندھو نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

’مس یونیورس‘ کے مقابلے میں مجموعی طور پر دنیا کی 80 حسینائیں شریک ہوئیں جو کورونا کی وبا کے باعث چند ہفتے قبل ہی اسرائیل پہنچی تھیں۔

مقابلہ حسن میں اسلامی ملک ملائیشیا نے اپنی دوشیزہ کو ’کورونا‘ کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت سے روکا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلم ملک نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر اسرائیل میں ہونے والے مقابلے کا غیر اعلانیہ بائیکاٹ کیا۔

اسی طرح جنوبی افریقی حکومت نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر اپنی دوشیزہ کی سرکاری حمایت نہیں کی۔

ہرناز سدھو نے فائنل مقابلے میں 10 حسیناؤں کو شکست دی—فوٹو: اے پی
ہرناز سدھو نے فائنل مقابلے میں 10 حسیناؤں کو شکست دی—فوٹو: اے پی

مقابلہ حسن کا انعقاد ایک ایسے وقت میں ہوا، جب کہ اسرائیلی حکومت نے کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘ کی وجہ سے نئی پابندیاں بھی عائد کیں، تاہم زیادہ تر دوشیزائیں نئی پابندیوں سے قبل ہی وہاں پہنچی تھیں، جس وجہ سے نئی پابندیوں نے انہیں زیادہ متاثر نہیں کیا۔

مقابلہ حسن میں شریک ہونے والی دوشیزائوں کا ہر 48 گھنٹے بعد کورونا ٹیسٹ کیا جاتا رہا اور سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود فرانسیسی دوشیزہ کورونا کا شکار ہوئیں، تاہم 10 دن بعد وہ صحت یاب ہوگئیں۔

بھارتی دوشیزہ نے آخری راؤنڈ میں فلپائن اور جنوبی افریقی دوشیزہ کو شکست دی—فوٹو: اے پی
بھارتی دوشیزہ نے آخری راؤنڈ میں فلپائن اور جنوبی افریقی دوشیزہ کو شکست دی—فوٹو: اے پی

’مس یونیورس‘ کے فائنل مقابلے میں بھارتی دوشیزہ نے دنیا کے 10 مختلف ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اعزاز اپنے نام کیا۔

’مس یونیورس‘ کے مقابلوں کے دوران لباس، ذہانت، انسانی ہمدردی، فیشن و جسمانی خدوخال سمیت دیگر مہارتوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور مجموعی طور پر بھارتی دوشیزہ ہرناز سندھو نے سب کو پیچھے چھوڑ کر اعزاز اپنے نام کیا۔

ہرناز سندھو کے سوئم سوٹ کے انداز کو بھی پسند کیا گیا—فوٹو: اے پی
ہرناز سندھو کے سوئم سوٹ کے انداز کو بھی پسند کیا گیا—فوٹو: اے پی

ہرناز سندھو اب تک کی تیسری بھارتی دوشیزہ بن گئیں، جنہوں نے ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل جیتا ہے۔

ان سے قبل بولی وڈ اداکارہ لارا دتہ نے سال 2000 جب کہ سشمیتا سین نے 1994 میں ’مس یونیورس‘ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

میزبان ملک اسرائیل کی دوشیزہ ٹاپ تھری میں بھی جگہ نہ بنا سکیں—فوٹو: اے پی
میزبان ملک اسرائیل کی دوشیزہ ٹاپ تھری میں بھی جگہ نہ بنا سکیں—فوٹو: اے پی

بھارت نے عالمی سطح کے مقابلہ حسن میں آخری بار 2017 میں ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز بھی جیتا تھا اور منوشی چھلر ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں۔

منوشی چھلر سے قبل بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی 2000 میں ’مس ورلڈ‘ منتخب ہوئی تھیں۔

ہرناز سندھو ماڈلنگ کرتی ہیں—فوٹو: اے ایف پی
ہرناز سندھو ماڈلنگ کرتی ہیں—فوٹو: اے ایف پی