• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

اے پی ایس حملہ کیس: حکومت نے رپورٹ جمع کرانے کیلئے 3 ہفتوں کی مہلت مانگ لی

شائع December 10, 2021
ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے عدالت عظمیٰ میں 3 صفحات پر مبنی رپورٹ جمع کروائی — تصویر: اے پی/ فائل
ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے عدالت عظمیٰ میں 3 صفحات پر مبنی رپورٹ جمع کروائی — تصویر: اے پی/ فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) حملہ کیس کی رپورٹ جمع کروانے کے لیے سپریم کورٹ سے 3 ہفتوں کی مہلت مانگ لی۔

عدالت کے گزشتہ احکامات کے مطابق حکومت نے 10 دسمبر تک وزیر اعظم عمران خان کی دستخط شدہ رپورٹ جمع کروانی تھی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی نے عدالت عظمیٰ میں 3 صفحات پر مبنی رپورٹ جمع کروائی جس میں بتایا گیا ہے کہ عدالت کے احکامت کے مطابق وزیر اعظم نے سانحہ اے پی ایس میں جاں بحق ہونے والے طلبہ کے لواحقین سے ملنے اور ان کے مطالبات سننے کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

مذکورہ کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان، وزیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات صاحبزادہ محمد محبوب سلطان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ اے پی ایس کیس: 4 ہفتوں میں رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کریں گے، فواد چوہدری

اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان یا ان کا نامزد کردہ فرد اور وزارت دفاع اور داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاسوں میں خصوصی شرکت کریں گے۔

10 نومبر کو ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے حکم دیا تھا کہ حکومت، متاثرہ والدین کی بات سنے اور 4 ہفتوں کے اندر وزیر اعظم کی دستخط شدہ رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔

سپریم کورٹ رولز کے رول 6 آرڈر 33 کے تحت دائر کردہ حکومتی درخواست میں والدین کے ساتھ کابینہ کی کمیٹی کی ملاقات کے نتائج کو رپورٹ میں شامل کرنے کی بھی اجازت طلب کی گئی ہے۔

اپنے گزشتہ حکم میں عدالت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے عدالت کے سامنے بیان دیا تھا کہ حکومت اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور والدین کو انصاف کی فراہمی اور واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت اس قتل عام کے ذمہ داروں اور اس حوالے سے کوتاہی برتنے والوں سے ضرور نمٹے گی۔

یہ دیکھا گیا ہے کہ اے پی ایس طلبہ کے والدین اپنے بچوں کی موت کو قبول کرنے سے قاصر تھے اور انہوں نے بعض افراد کو فرائض سے غفلت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

مزید پڑھیں: سانحہ اے پی ایس کیس: ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں، حکم کریں ایکشن لیں گے،وزیر اعظم

20 اکتوبر کے حکم نامے میں یہ کہا گیا تھا جاں بحق طلبہ کی ماؤں نے یہ شکایت کی ہے کہ اے پی ایس پشاور کی سیکیورٹی کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے افراد سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی اور نہ ہی انہیں اپنی ذمہ داری سے غفلت برتنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا، اس غفلت کے نتیجے میں 147 معصوم بچوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔

ان ماؤں کا کہنا تھا کہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، کور کمانڈر پشاور حدایت الرحمٰن، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ظہیر الاسلام اور سیکریٹری داخلہ اختر علی شاہ وہ لوگ تھے جنہیں اس حملے کی پہلے سے اطلاع ہوسکتی تھی لیکن انہوں نے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتی جس کے نتیجے میں اسکول میں طلبہ کا قتل عام ہوا۔


یہ خبر 10 دسمبر 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024