• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کے مختلف علاقوں میں 4.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے

شائع December 8, 2021
زلزلے کے جھٹکوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
زلزلے کے جھٹکوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بدھ کی رات 4.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکستان کے نیشنل سیسمک مانیٹرینگ سینٹر کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بدھ کی رات 10 بجکر 16 منٹ پر محسوس کیے گئے اور اس کا مرکز کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے سے 15 کلومیٹر شمال میں تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں 3.1 شدت کا زلزلہ

سینٹر کے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ زلزلے کا طول البلد مشرق میں67.29 جبکہ عرض بلد شمال میں 25.17 تھا۔

زلزلے کے جھٹکوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے البتہ واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

کراچی کے علاقوں ٹاور، کیماڑی، صدر، گڈاپ، بحریہ ٹاؤن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، اسکیم 33، گلشن حدید، قائدآباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے معمولی جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے آنے کے بعد لوگوں نے ٹوئٹر پر ویڈیوز شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔

عمر قریشی نے کہاکہ کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کا مرکز مشرق میں تھا۔

عامر علی نورانی نامی صارف نے لکھا کہ کراچی سمیت ملیر کے مختلف علاقوں پیر رزاق آباد، بھینس کالونی، شاہ ٹاؤن، درسانو چنو، کھوکھراپار، ملیر کینٹ، گلشن حدید، گھگھر پھاٹک میں سوا 10 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن زلزلے کی شدت کا اندازہ دیوار سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے علاقے سوات میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

محکمیہ موسمیات کے مطابق مذکورہ زلزلے کی شدت 4.4ریکارڈ کی گئی تھی اور اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں زیرزمین 145کلومیٹر تھا۔

زلزلے کے جھٹکے منگل کو دوپہر ایک بجے محسوس کیے تھے اور اس میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل رواں سال 21 اگست کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں 3.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے تھے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ، کراچی سمیت ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے

اس سے چند ماہ قبل جون میں اسلام آباداور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بھی 4.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024