• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ، قیمتیں برقرار

شائع December 1, 2021
پیٹرول پر جی ایس ٹی کی شرح میں 1.43 فیصد سے 1.63 فیصد اضافہ ہوا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
پیٹرول پر جی ایس ٹی کی شرح میں 1.43 فیصد سے 1.63 فیصد اضافہ ہوا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز تک کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ پیٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی میں اضافے کا فیصلہ عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف)سے کیے گئے وعدوں کے تناظر میں کیا گیا، ورنہ عالمی مارکیٹ میں کمی کی وجہ سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 9 روپے فی لیٹر تک کمی ہونی چاہیے تھی۔

اس میں کمی کا ایک حصہ شرح تبادلہ کے نقصان میں ضم ہوگیا جبکہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی شرحوں میں اضافے کے ذریعے تقریباً 6 روپے فی لیٹر کمی کو جذب کیا۔

پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے اور جی ایس ٹی کے اضافے سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسی طرح آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول لیوی 13 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہوگئی جو اس سے قبل 9 روپے 62 پیسے تھی جبکہ پیٹرول پر جی ایس ٹی کی شرح 1.43 فیصد سے بڑھ کر 1.63 فیصد ہوگئی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 9 روپے 14 سے بڑھا کر 13 روپے 14 پیسے کی گئی ہے جبکہ اس پر جی ایس ٹی میں بھی اضافہ کرتے ہوئے 6.75 فیصد کے بجائے 7.37 فیصد کردیا گیا ۔

مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 6.7 فیصد تھا جس میں اضافہ کر کے اسے 8.20 فیصد کردیا گیا، لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کے جی ایس ٹی میں بھی اضافہ کر کے اسے 0.20 فیصد کے بجائے 0.46 فیصد کردیا گیا۔

علاوہ ازیں مٹی کے تیل پر بھی لیوی 4 روپے سے بڑھا کر 5 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ایل ڈی او پر 3 روپے 66 پیسے کردی گئی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اچانک 8.14 روپے کا اضافہ

نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 145 روپے 82 پیسے جبکہ ایچ ایس ڈی کی قیمت بھی 142 روپے 62 پیسے کی موجودہ سطح پر برقرار ہے۔

علاوہ ازیں مٹی کے تیل کی ایکس ڈپو قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 114 روپے 7 پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔

دریں اثنا اوگرا نے دسمبر کے لیے لیکوفائیڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے 11.8 کلوگرام سلنڈر کی قیمت فروخت 2 ہزار 390 روپے مقرر کی، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے 6.6 فیصد کم ہے لیکن گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں 54 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ برس ایل پی جی سلنڈر کی قیمت ایک ہزار 553 روپے تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024