• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کابینہ نے کورونا سے متعلق اخراجات میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ مسترد کردی

شائع December 1, 2021
وزیراعظم نے کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ اراکین کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگادی — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ اراکین کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگادی — فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے حال ہی میں جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ مسترد کردی جس میں کووڈ 19 سے متعلق اخراجات، ویکسی نیشن کے عمل اور احساس ریلیف پروگرام میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ہوا جس میں انہوں نے کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ اراکین کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگادی۔

اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے کووڈ 19 کے اخراجات سے متعلق آڈٹ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تین متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی پریزنٹیشن دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متعلق اخراجات میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف

وزارت خزانہ کی جانب سے ’کووڈ 19 پر وفاقی حکومت کے اخراجات‘ کے عنوان سے جاری ایک رپورٹ میں 5 اشیائے ضروریہ چینی، گندم کا آٹا، خوردنی تیل و گھی، دالیں اور چاول کی رعایتی نرخوں میں یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی مداخلت میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت خزانہ پہلے ہی آڈٹ رپورٹ کو مسترد کرچکی ہے اور احساس پروگرام کی انچارج و وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی اپنے ادارے کی پوزیشن واضح کردی ہے۔

گلگت بلتستان کے سابق جج کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاملے کی سماعت کے دوران جسٹس ریٹائرڈ رانا شمیم نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ابھی تک ان سے منسوب بیان حلفی کا جائزہ نہیں لیا۔

مزید پڑھیں: 10 بلین ٹری سونامی، گلاسگو کانفرنس پر اخراجات کے آڈٹ و انکوائری کا حکم

جب سابق جج سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انہوں نے بیانِ حلفی اخبار کو دیا تو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ’بیانِ حلفی برطانیہ کے ایک لاکر میں سربمہر رکھا تھا، مجھے نہیں معلوم کہ کس طرح لیک ہوا‘۔

اس پیش رفت کو ’حیران کن‘ قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ’اگر حلف نامہ لاکر میں تھا تو وہ اخبار تک کیسے پہنچا؟‘ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’بظاہر لگتا ہے اخبار تک بیانِ حلفی نواز شریف کے ذریعے پہنچا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف مہم چلائی گئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ عدالت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

گیس کی قلت

ملک میں جاری گیس کی قلت کے بارے میں وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ ملک میں گیس کی ذخائر کم ہو رہے ہیں اور ہم نے کوئی نیا ذخیرہ دریافت نہیں کیا ہے۔

انہوں نے گیس کے مقامی ذخائر کے ختم ہونے اور اس کی ابھرتی ہوئی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکس نیٹ میں مزید 2 کروڑ افراد کو شامل کرنے کیلئے منصوبہ تیار

انہوں نے کہا کہ حقیقت میں صرف 28 فیصد پاکستانیوں کو گیس فراہم کی جارہی ہے، جبکہ ملک کے باقی حصے جو اس کی فراہمی سے محروم ہیں وہ اس چھوٹی سی تعداد کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔

یہ بات علم میں آئی کہ وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو بیرونِ ملک سفر سے روک دیا تاکہ سادگی کو یقینی بنایا جاسکے اور ان پر زور دیا کہ وہ ملک میں معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی وزارتوں میں مزید بھرپور طریقے سے کام کریں۔

تاہم ڈان سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی خاص وجہ سے یہ ہدایات نہیں جاری کیں لیکن تقریباً ہر اجلاس میں کابینہ کے ارکان پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ کفایت شعاری کے اقدامات اپنائیں اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے نئے کووڈ ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے ممکنہ پھیلاؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور صوبائی حکومتوں اور شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ویکسی نیشن مکمل ہو۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024