• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’کھیل کھیل میں‘ کی ایوان صدر میں نمائش

شائع December 1, 2021
صدر مملکت اور خاتون سمیت اہم حکومتی شخصیات نے اسکریننگ میں شرکت کی—فوٹو: حکومت پاکستان ٹوئٹر
صدر مملکت اور خاتون سمیت اہم حکومتی شخصیات نے اسکریننگ میں شرکت کی—فوٹو: حکومت پاکستان ٹوئٹر

کورونا کی وبا کے باعث تقریبا دو سال بعد ریلیز ہونے والی فلم ’کھیل کھیل میں‘ کو خصوصی طور پر ایوان صدر میں دکھانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر مملکت اور خاتون اول سمیت مختلف وزرا اور رکن قومی اسیمبلی و سینیٹ اراکین نے بھی شرکت کی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ’کھیل کھیل میں‘ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں صدر مملکت عارف علوی، خاتون اول اور وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سمیت دیگر وزرا نے بھی شرکت کی۔

اسکریننگ میں ’کھیل کھیل میں‘ کی کاسٹ، ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: دو سال بعد پہلی پاکستانی فلم ’کھیل کھیل میں‘ ریلیز

فلم اسکریننگ کے موقع پر صدر مملکت اور خاتون اول نے فلم کے مرکزی اداکاروں سجل علی اور بلال عباس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جب کہ فلم کی کاسٹ کے ساتھ وزیر اطلاعات نے بھی تصاویر کھچوائیں۔

فلم کی خصوصی اسکریننگ کے حوالے سے فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی لوگوں کو فلم دیکھنے کی تجویز بھی دی۔

وزیر اطلاعات نے ٹوئٹ کی کہ سانحہ 1971کے پس منظر میں بننے والی فضا علی کی فلم کھیل کھیل کا پریمیئر دیکھا، سقوط ڈھاکہ کے نتیجے میں جس انسانی المیے نے جنم لیا اس پر بہت کم کام ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ساری ٹیم انتہائی مبارک کی مستحق ہے کہ انہوں نے انتہائی مشکل موضوع کو بہت سنبھال کے چلایا اور ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ فلم ضرور دیکھیں۔

مزید پڑھیں: تقریبا دو سال بعد کراچی میں سینما کھل گئے، ہولی وڈ فلمیں پیش

فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں ایوان صدر میں فلم کی خصوصی اسکریننگ سے متعلق پوسٹس کیں۔

انہوں نے صدر مملکت، وزیر اطلاعات اور سینیٹر فیصل جاوید خان کے ہمراہ کاسٹ کی تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ اسکریننگ کی تقریب میں مختلف وزرا اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

آنہوں نے ایوان صدر میں فلم کی اسکریننگ کو اپنے اور فلم انڈسٹری کے لیے اعزاز قرار دیا،

ان کی طرح پروڈیوسر فضا علی مرزا نے بھی اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ایوان صدر میں ان کی فلم کی اسکریننگ کی گئی جو کہ فلم انڈسٹری کے لیے بہترین کام ہے اور انہوں نے بھی مذکورہ عمل کو اپنے لیے اعزاز بھی قرار دیا۔

’کھیل کھیل میں‘ کو گزشتہ ماہ 19 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا، جو تقریبا دو سال بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم تھی کیوں ملک بھر میں مارچ 2020 سے کورونا کے پیش نظر سینما گھر بند تھے۔

کھیل کھیل میں‘ کی ہدایات نبیل قریشی نے دی ہیں اور اسے فضا علی مرزا نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ سجل علی اور بلال عباس، علی ظفر، شہریار منور اور جاوید شیخ، منظر صہبائی اور ثمینہ احمد سمیت دیگر اداکاروں نے کردار ادا کیے ہیں۔

فلم کی کہانی ’سقوط ڈھاکا‘ کے پس منظر کے گرد گھومتی ہے، فلم میں یونیورسٹی کے کچھ طلبہ سقوط ڈھاکا پر تھیٹر پیش کرکے بعض حقائق کو سامنے لانے کی کوشش کرتے ہیں، جس پر انہیں مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

فلم میں پاکستان ٹوٹنے اور بنگلادیش بننے کے واقعات کو فکشنل انداز میں دکھایا گیا ہے جب کہ ڈھاکا میں پھنسے رہ جانے والے پاکستانیوں کی حالت زار بھی دکھائی گئی ہے۔

,

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024