• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پہلا ٹیسٹ: قومی ٹیم 286 رنز پرآؤٹ، بنگلہ دیش کی 83 رنز کی برتری

شائع November 28, 2021
شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی 3 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اوپنرز کے شاندار آغاز کے باوجود 286 رنز پر آؤٹ ہوگئی جبکہ میزبان ٹیم نے تیسرے روز کے اختتام پر 83 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

چٹاگانگ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 145 رنز تھا۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹیسٹ: بنگلہ دیش کے خلاف حسن علی کی 5 وکٹیں، پاکستان نے 145 رنز بنا لیے

کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عبداللہ شفیق گزشتہ روز کی اپنی اننگز میں اضافہ کیے بغیر شروع میں ہی آؤٹ ہوگئے، جس کےبعد تجربہ کار بلے باز اظہر علی بھی تیج الاسلام کا سامنا نہ کرسکے اور کھاتہ کھولے بغیر 146 کے اسکور پر ہی واپس لوٹ گئے۔

کپتان بابراعظم صرف 10 رنز بنا سکے اور 169 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ اس دوران دوسرے اینڈ سے عابد علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔

قومی ٹیم تیج الاسلام کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی—فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم تیج الاسلام کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی—فوٹو: اے ایف پی

فواد عالم بھی زیادہ مزاحمت کرنے میں ناکام رہے اور 8 رنز کا اضافہ کرکے تیج الاسلام کی ایک اور وکٹ بن گئے، جس کے بعد محمد رضوان 5 رنز بنا کر عبادت حسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کی 5 وکٹیں 207 رنز پر گر چکی تھیں لیکن عابد دوسرےاینڈ سے اسکور آگے بڑھا رہے تھے تاہم جب اسکور 217 پر پہنچا تو ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

عابد علی 133 رنز کی اننگز کھیل کر تیج الاسلام کی تیسری وکٹ بن گئے۔

بنگلہ دیشی اسپنر نے پاکستانی بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کرتےہوئے بڑے اسکور کا خواب چکنا چور کر دیا اور اپنی ٹیم کو پہلی اننگز میں برتری دلا دی۔

فہیم اشرف نے پاکستان کو ایک مشکل وقت میں 38 رنز کی اننگز کھیل کر تھوڑا سہارا دیا، حسن علی نے 12 رنز بنا کر اسکور 229 رنز تک پہنچانے کے لیے ان کا ساتھ دیا۔

ساجد خان 5 اور نعمان علی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 9 وکٹوں پر 257 رنز تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ٹیسٹ میں مشفیق اور لٹن کی عمدہ شراکت، بنگلہ دیش کے 4وکٹوں پر 253رنز

شاہین شاہ آفریدی نے آخری وکٹ میں فہیم اشرف کا بھرپور ساتھ دیا اور آؤٹ ہوئے بغیر 13 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف 38 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور اسپنر کی ساتویں وکٹ بنے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بنگلہ دیش نے پہلی اننگز کے اسکور 330 رنز کی بدولت 44 رنز کی برتری حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتےہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں برتری کے بعد بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی تو شاہین شاہ آفریدی نے 14 رنز پر یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں حاصل کیں اور میزبان ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن آغاز کیا—فوٹو: اےایف پی
شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن آغاز کیا—فوٹو: اےایف پی

شادمان اسلام ایک اور نجم الحسن شانٹو صفر پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد 15 کے مجموعے پر مومن الحق کو حسن علی نے واپسی کی راہ دکھائی۔

تیسرے روز آخری وکٹ بھی شاہین شاہ نے حاصل کی جب25 کے اسکور پر بنگلہ دیش کے اوپنر سیف حسن 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چٹاگانگ میں تیسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو بنگلہ دیش نے 4 وکٹوں پر 39 رنز بنائے اور 83 رنز کی برتری حاصل تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024