• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

معروف اسپورٹس صحافی خالد ایچ خان انتقال کر گئے

شائع November 23, 2021
خالد ایچ خان کا کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا— فائل فوٹو
خالد ایچ خان کا کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا— فائل فوٹو

ڈان کے سینئر اسپورٹس صحافی خالد ایچ خان 58سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔

خالد ایچ خان کو کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا اور وہ دو ہفتے تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد منگل کو انتقال کر گئے۔

انہوں نے سوگواروں میں ایک بیوہ اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

خالد ایچ خان کرکٹ حلقوں پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی شاندار کوریج کے لیے مشہور تھے، انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کئی نوجوان کرکٹرز کے انٹرویوز کیے جو بعد میں قومی ٹیم کا حصہ بنے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی خالد ایچ خان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایک تعزیتی پیغام میں، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے کہا کہ خالد خان ملک کے نامور اور معزز کرکٹ صحافیوں میں سے ایک تھے جو طویل عرصے تک ڈان اخبار سے منسلک رہے۔

رمیز راجا نے خالد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ خالد ایچ خان سے کھیل کے سلسلے میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک تعلق رہا اور وہ کھیل سے انتہائی محبت کرنے کے ساتھ ساتھ اس بارے میں انتہائی علم رکھنے والی شخصیت تھے۔

خالد ایچ خان کے انتقال پر نامور کرکٹرز اور صحافیوں نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ خالد ایک بہترین انسان اور محنتی رپورٹر تھے، میں نے بہت کم لوگوں کو اتنے خلوص سے کام کرتے دیکھا ہے، میری دعائیں ان کے اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

اوپننگ بلے باز شان مسعود نے بھی خالد ایچ خان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے انہیں کھیل کی صحافت کا بڑا اثاثہ قرار دیا۔

سینئر اسپورٹس صحافی شاہد ہاشمی نے کہا کہ خالد سے متاثر ہو کر وہ انگریزی صحافت کا حصہ بنے، وہ بہترین اسپورٹس صحافی تھے جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی کرکٹ مقابلوں کی کوریج کی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عتیق الزمان نے ڈان کے صحافی کو کرکٹ انڈسٹری کی معروف ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا۔

ڈان نیوز کے اینکر عبدالغفار نے بھی سینئر صحافی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی کوریج کے ذریعے خالد ایچ خان نے شہرت حاصل کی، وہ قائد اعظم ٹرافی کے میچوں پر طویل تحریر لکھتے اور کرکٹرز میں بے انتہا مقبول تھے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے کرکٹرز نے بتایا کہ جب میڈیا اتنا ایڈوانس نہ تھا تو خالد ایچ خان کی خبر میں نام آنا سلیکٹرز کی نظروں میں آنے کا ایک طریقہ تھا۔

اسپورٹس صحافی فیضان لاکھانی نے خالد ایچ خان کو پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کا انسائیکلوپیڈیا قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024