• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا مقصد جمہوریت کو نقصان پہنچانا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

شائع November 18, 2021
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے یوکرین اور دیگر ممالک کو فائدہ پہنچا رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے یوکرین اور دیگر ممالک کو فائدہ پہنچا رہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق بل منظور کرایا۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک قانون منظور کروایا گیا، جس کے تحت دھاندلی کی جائے گی، قومی اسمبلی میں موجود الیکٹرانک ووٹنگ مشینز خراب ہیں اور ملک میں انتخابات کے لیے ای وی ایمز کا بل منظور کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے اسمبلی میں کتنے اراکین موجود ہیں، یہ بل اس ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے منظور کیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال ہوتا ہے تو انہوں نے جن نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے وہ بھی نہیں ملیں گی۔

سندھ سے 11 افسران کے تبادلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ ناسمجھ اور کم عقل لوگ جن کی کچھ تعداد سندھ اور وفاق میں ہے غلط بیانی کرتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ وفاق کے افسران کو سندھ حکومت کام کرنے سے روکتی ہے میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ یہ وفاق کے افسران نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ نے گنے کی قیمت 240 روپے فی من مقرر کردی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 1954 میں سول سروس آف پاکستان کیپٹل کارڈر رولز بنے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ یہ وفاق کے نہیں فیڈریشن کے افسران ہیں اور فیڈریشن میں چاروں صوبے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چنددنوں پہلے کچھ نوٹیفیکیشن ملے تھے، انہوں نے ایڈمسنٹریٹر سروس کے افسران کو ایک صوبے سے نکال کر ہمارے پاس بھیجا، ہم نے ان پر قانون کے مطابق تبادلہ خیال کیا، قانون کے مطابق ایڈمنسٹریٹر سروس میں 60 فیصد افسران فیڈریشن کے ہوں گے اور 40 فیصد سندھ کے ہوں گے

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سندھ کے 19 افسران ہیں جب ہم نے وفاق کو کہا تو انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں یہ حال ہے، کچھ روز قبل جب چیف جسٹس پاکستان نے مجھے عدالت میں بلایا تو میں نے انہیں آگاہ کیا تو انہوں نے مجھے اٹارنی جنرل کو خط لکھنے کی ہدایت کی، جس پر وفاق نے پی ایس کے 7 اور پی ایس پی کے 8 افسران بھیجے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق یہ افسران وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی مشاورت سے آنے چاہئیں لیکن وزیر اعظم نے مجھ سےمشاورت نہیں کی۔

مراد علی شاہ نے آگاہ کیا کہ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو چار افسران آپ نے سندھ سے بلانے کی بات کی ہے وہ تجویز کابینہ مسترد کرتی ہے اور آپ کی طرف سے بھیجے جانے والے چار افسران کو کابینہ قبول کرتی ہے اور مزید افسران کو بھیجا جائے۔

مزید پڑھیں: سندھ کابینہ نے 250 ہائبرڈ الیکٹرک بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں وفاقی حکومت کو خبردار کرتا ہوں کہ آپ کا جھگڑا میرے ساتھ ہے افسران کو تنگ نہ کریں، اگر آپ لڑنا چاہتے ہیں تو سندھ کابینہ سے لڑیں آپ افسران کو تنگ کرتے ہیں تو ہماری کارکردگی متاثر ہوتی ہے، ہم یہ اجازت آپ کو کبھی نہیں دیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ ہم میرٹ پر کام کرتے ہیں ہم نے آپ کا میرٹ دیکھ لیا، آپ لوگ سندھ کی گورننس خراب کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری اہم بات مردم شماری ہے، جس پر ہمارے تحفظات ہیں، انہوں نے گھر شماری کی جس میں انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں 38 لاکھ سے زائد، پنچاب میں ایک کروڑ سے زائد، اور بلوچستان میں 75 ہزار سے زائد اور سندھ میں 85 لاکھ 85 ہزار سے زائد گھرانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب مردم شماری کی گئی توسندھ میں فی گھر میں افراد کی تعداد کم کردی گئی، ہماری مجموعی آبادی 6 کروڑ سے زائد ہے آپ نے 4 کروڑ 80 لاکھ سےبھی کم کردی ہے، یہ ایک اہم وجہ ہے سوال اٹھانے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پر وفاقی حکومت کی جانب سے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس سے کہا گیا تھا کہ صوبوں سے مشاورت کرے لیکن ہم سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو 15 اکتوبر کو خط لکھا تھا جس میں بجلی کے پلانٹس کے حوالے سے بات کی تھی، وفاق نے منصوبوں سے سندھ حکومت کے سستی بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ نکال کر اپنے مہنگی بجلی کے پلانٹ شامل کر دیے ہیں، جس کے حوالے سے نیپرا نے خود لکھا ہے کہ یہ پلانٹ سستی بجلی کے منصوبے پر پورے نہیں اترتے، مجھے اس خط کا جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

سندھ کابینہ نے گندم کی قیمت مقرر کردی

سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کابینہ نے گندم کی قیمت 2 ہزار 200 روپے فی من مقرر کی ہے،جبکہ فرٹیلائزر اور ادویات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ کابینہ کا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے اہم فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں 50 فیصد پیداوار کا مستحق کسان ہوتا ہے اور یہ قیمت اس کے لیے مقرر کی گئی ہے تاکہ کسان فائدہ اٹھا سکیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پچھلی بار 2ہزار روپے قیمت رکھی تھی اس کی بوری کی قیمت 5 ہزار بن رہی تھی جس پر وفاقی حکومت نے بہت تنقید کی تھی، بعدازاں انہوں نے خود بھی گندم کی قیمت میں اضافہ کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے بجائے یوکرین اور دیگر ممالک کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ایک فرٹیلائزر میں سبسڈی کی اسکیم دی، اس کے جواب میں ہم نے فیڈرل حکومت کو لکھا ہے کہ ہم اس میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میر پور خاص میں سرکٹ بینج قائم کرنے کی سفارش کی ہے جس پر سندھ ہائی کورٹ کے جج صاحب گورنر سندھ سے مشاورت کریں گے۔

آب پاشی کی زمینوں کے حوالے سے اجلاس میں مشاورت ہوئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ وہ زمینیں جو محکمہ آب پاشی کے پاس ہیں اور انہیں اس کی ضرورت نہیں ہے وہ زمینیں کچی آبادی کے لیے الاٹ کردی گئی ہیں۔

اے ایف آر گاڑیاں ختم کرنے کا فیصلہ

اجلاس کے دوران سندھ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کی اجازت دے دی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپلائیڈ فار رجسٹریشن (اے ایف آر) کی نمبر پلیٹس ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنے محکمے کے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کی مجموعی طور پر 5 ارب روپے کی 43 اسکیمیں ہیں، حکومت نے 900 ملین روپے جاری کیے ہیں جس میں 565.5 ملین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ نے جزائر سے متعلق آرڈیننس واپس لینے تک وفاق سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

اجلاس کےدوران رائس کینال لاڑکانہ کی کچی آبادیوں کا مسئلہ زیر بحث آیاجس میں سندھ کچی آبادی اتھارٹی نے محکمہ آبپاشی کو درخواست کی کہ آبپاشی کی زمین ان کو دی جائے تاکہ ان کو ریگیولر کیا جاسکے کابینہ نے اس اراضی کا سروے کر کے سروے نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آبپاشی کی زمینیں کچی آبادی کے لیے مقرر کردی گئیں۔

کابینہ نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس افسران کی روٹیشن پالیسی پر تبادلہ خیال کیا جس پر کابینہ نے سندھ پولیس سروس کا کیڈر بنانے کا بھی فیصلہ کیا۔

ربیع میں کھاد پر سبسڈی کے حوالے سے بھی کابینہ کے اجلاس میں بات کی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سبسڈی میں وفاقی حکومت ایک ارب 65 کروڑ روپے اور سندھ حکومت بھی اتنی ہی رقم ادا کرے گی، سندھ کابینہ نے پیکج کی منظوری دے دی۔

سندھ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیاں رجسٹریشن کرنے کی اجازت بھی دے دی۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025