• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کینسر کا شکار ہونے والی اداکارہ کرن کھیر کی اسکرین پر واپسی

شائع November 9, 2021
اداکارہ میوزک شو میں بطور جج شامل ہوں گی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ میوزک شو میں بطور جج شامل ہوں گی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی سینیئر اداکارہ اور رکن لوک سبھا 69 سالہ کرن کھیر طبیعت میں بہتری کے بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی کرنے کو تیار ہیں۔

کرن کھیر میں رواں برس اپریل میں بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ اسکرین سے دور ہوئی تھیں، تاہم اب 6 ماہ بعد وہ دوبارہ اسکرین پر بطور جج واپس آنے کو تیار ہیں۔

’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق کرن کھیر جلد ہی میوزیکل ریئلٹی شو ’انڈیا گاٹ ٹیلنٹ‘ کے نویں سیزن میں بطور جج اسکرین پر دکھائی دیں گی۔

کرن کھیر گزشتہ 9 سال سے مذکورہ شو میں بطور جج دکھائی دیتی آ رہی ہیں، رواں برس ان کی بیماری کی وجہ سے خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ شو کا حصہ نہیں ہوں گی، تاہم اب اداکارہ اور شو انتظامیہ نے ان کی واپسی کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھیں: کرن کھیر بلڈ کینسر کا شکار ہوگئیں

اسکرین پر واپسی کے حوالے سے کرن کھیر نے میڈیا کو جاری بیان میں خوشی کا اظہار کیا کہ وہ اس سال بھی ’انڈیا گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شلپا شیٹی، گلوکار بادشاہ اور سونالی باندرے کے ہمراہ جج کی خدمات سر انجام دیں گی۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ وہ شروع سے ہی میوزیکل شو کی مداح رہی ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ پہلے شو سے لے کر اب تک کے ہر شو میں جج کے طور پر کام کرتی آئی ہیں۔

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بھی بتایا کہ کرن کھیر نے میوزیکل شو میں بطور جج واپسی کی تصدیق کردی، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کینسر فری ہیں یا نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کرن کھیر کو ہسپتال سے واپسی پر گھر سے کام کرتے دیکھا گیا تھا اور انہوں نے چار ہفتے قبل بتایا تھا کہ اب ان کی طبیعت بہتر ہے۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کو ہی دی گئے انٹرویو میں انہوں نے تصدیق کی تھی کہ اب مسلسل ان کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ ان کا کینسر کس اسٹیج پر ہے۔

گزشتہ ماہ جب انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، تب بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی کیموتھراپی ہوں گی اور وہ ہر ماہ ہسپتال جایا کریں گی۔

مزید پڑھیں: انوپم کھیر نے کرن کھیر کی موت کی افواہوں کو مسترد کردیا

ہسپتال سے واپسی کے بعد کرن کھیر نے انسٹاگرام پر گھر سے کام کرنے کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں جب کہ صحت یابی کے لیے مداحوں کی دعاؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

کرن کھیر میں بلڈ کینسر کی تشخیص کا اعلان ان کے شوہر اداکار انوپم کھیر اور بیٹے سکندر کھیر نے رواں برس اپریل میں کیا تھا اور ایک ماہ بعد مئی میں ہی ان کی موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہوئی تھیں۔

کرن کھیر سے قبل گزشتہ برس بولی وڈ اداکار رشی کپور اور عرفان خان بھی کینسر سے زندگی کی بازی ہار گئے تھے جب کہ اداکارہ سونالی باندرے بھی بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی تھیں، تاہم وہ صحت یاب ہوگئیں۔

علاوہ ازیں سینیئر اداکارہ نفیسہ علی بھی کینسر کا شکار ہوئی تھیں، تاہم وہ بھی صحت یاب ہوکر اسکرین پر واپس ہوئی تھیں۔

اسی طرح اداکار سنجے دت میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی مگر وہ بھی جلد ہی صحت یاب ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024