• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلیو ٹک ملتے ہی ’جے زی‘ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا

شائع November 6, 2021
جے زی گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
جے زی گلوکارہ بیونسے کے شوہر ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا کے پہلے ارب پتی ریپر، گلوکار و موسیقار کا اعزاز حاصل کرنے والے امریکی آرٹسٹ شان کورے کارٹر المعروف ’جے زی‘ نے تصدیق ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرکے سب کو حیران کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق جے زی نے دو دن قبل 4 نومبر کو انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنایا اور اپنی پروڈیوس کردہ فلم سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی مگر جلد ہی انہوں نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا۔

جے زی نے مختصر پوسٹ کی تھی، تاہم اس کے باوجود چند ہی گھنٹوں میں ان کے فالوورز کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی اور اس دوران انہیں انسٹاگرام اور فیس بک کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی ایپلی کیشن پر خوش آمدید کہا تھا۔

جے زی کو انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنانے پر مارک زکربرگ نے بھی خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی پوسٹ پر مختصر کمنٹ کیا تھا جب کہ فیس بک ایپ اور انسٹاگرام کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی ان کی پوسٹ پر تبصرہ کیا گیا۔

جے زی کی جانب سے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنانے کے چند گھنٹے کے اندر ہی ان کے اکاؤنٹ کو بلیو ٹک فراہم کرکے اس کی تصدیق کردی گئی تھی مگر جلد ہی گلوکار نے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کردیا۔

جے زی نے اپنے اکاؤنٹ پر صرف ایک شخص اپنی اہلیہ گلوکارہ بیونسے کو فالو کیا تھا اور ان کے فالوورز کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہوگئی تھی۔

جے زی کا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے، تاہم ان کی اہلیہ بیونسے انسٹاگرام سمیت ٹوئٹر پر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے زی دنیا کے پہلے ارب پتی ریپر

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ جے زی نے اکاؤنٹ بنائے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی کیوں اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا۔

جے زی جون 2019 میں دنیا کے پہلے ارب پتی ریپر و گلوکار بنے تھے، اس وقت ان کی ذاتی مجموعی دولت ایک ارب ڈالر سے زائد ہو چکی تھی۔

گلوکار کا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ نہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
گلوکار کا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ نہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ان کی کمائی موسیقی کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی ہوتی ہے، انہوں نے مجموعی طور پر 2 درجن سے زائد کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

جے زی کا اصل نام شان کورے کارٹر ہے اور وہ 1969 میں نیویارک سٹی کے نواحی علاقے بروکلین میں پلے بڑھے۔

انہوں نے گلوکاری کا آغاز 1995 میں کیا اور 1996 میں انہوں نے پہلا میوزک ایلبم ریلیز کیا، اب تک وہ ڈیڑھ درجن میوزک ایلبم ریلیز کر چکے ہیں۔

انہیں ہپ ہاپ کا بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے، ان کے گانوں میں امریکی ثقافت کی جھلک اور طرز زندگی کی تشہیر کی وجہ سے انہیں سب سے منفرد حیثیت حاصل ہے۔

جے زی اور بیونسے کے درمیان 2002 میں تعلقات استوار ہوئے اور دونوں نے چند سال بعد 2008 میں شادی کی, جوڑے کے ہاں 2012 میں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی اور 2017 میں دونوں کے ہاں جڑواں بچوں ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

دونوں نے متعدد گانوں میں ایک ساتھ پرفارمنس بھی کی اور ان کے مشترکہ گانوں نے کئی ریکارڈز بھی بنائے۔

جے زی اور بیونسے کا شمار دنیا کے بااثر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
جے زی اور بیونسے کا شمار دنیا کے بااثر ترین جوڑوں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024