سام سنگ کے فولڈ ایبل فون کے لیے خصوصی جینز متعارف
سام سنگ ویسے تو الیکٹرونکس مصنوعات کے لیے معروف کمپنی ہے مگر اس نے ایک جینز پینٹ کو متعارف کرایا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ جینز اس کے نئے فولڈ ایبل فون گلیکسی زی فلپ 3 کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
اس جینز کی تیاری کے لیے سام سنگ نے آسٹریلیا کے معروف جینز برانڈ ڈاکٹر ڈینم سے شراکت داری کی اور اسے زی فلپ پاکٹ ڈینم کا نام دیا گیا ہے۔
ویسے تو اس جینز میں کوئی ٹیکنالوجی یا کچھ خاص نہیں بس اس میں جیبیں اتنی چھوٹی ہیں کہ بس گلیکشی زی فلپ 3 ہی اس میں رکھا جاسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں اس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس کو بڑی جیبوں کی ضرورتی ہے جو بہت زیادہ جگہ گھیرتی ہیں، وہ اسٹائلش نہیں ہوتیں۔
اسی کو دیکھتے ہوئے گلیکسی زی فلپ 3 کے لیے جینز کو ری ڈیزائن کیا گیا جو بڑی جیبوں والی جینز پینٹس کو ماضی کا قصہ بنادے گی۔
زی فلپ ڈینیم میں آگے اور پیچھے جیبوں کا حجم چھوٹا ہے جبکہ بڑی جیبوں کو یا تو نکال دیا گیا ہے یا ان کو سلائی سے بند کردیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس جینز کی قیمت 1499 آسٹریلین ڈالرز (ایک لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے جس کے ساتھ گلیکسی زی فلپ 3 مفت دیا جائے گا۔
ویسے گلیکسی زی فلپ 3 کی قیمت بھی یہی ہے تو یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ فون کی قیمت پر آپ کو ایک جینز پینٹ مفت مل جائے گی۔
اور ہاں یہ جینز صرف آسٹریلیا میں ہی دستیاب ہوگی اور محض 450 پینٹس ہی تیار کی گئی ہیں۔