• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’کھیل کھیل میں‘ آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

شائع October 30, 2021
فلم 19 نومبر کو ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو
فلم 19 نومبر کو ریلیز کی جائے گی—پرومو فوٹو

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی اور ویکسینیشن کے عمل میں اضافے کو دیکھتے ہوئے تقریبا دو سال بعد آئندہ ماہ نومبر میں پہلی پاکستانی فلم ’کھیل کھیل میں‘ ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

فلم ساز نبیل قریشی کی فلم کا پہلا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 19 نومبر کو پاکستان بھر کے سینما میں ریلیز کرنے کی تصدیق کی گئی۔

پروڈیوسر فضا علی میرزا کی فلم میں سجل علی اور بلال عباس مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے جب کہ جاوید شیخ، مرینا خان، منظر صہبائی اور ثمینہ احمد سمیت دیگر اداکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔

جاری کیے گئے ٹیزر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی ’سقوط ڈھاکا‘ کی پس منظر کے گرد گھومتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سجل علی اور بلال عباس 'کھیل کھیل میں' اداکاری کیلئے تیار

ٹیزر میں سجل علی کو حقائق کو سامنے لانے والی لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے جب کہ بلال عباس کو بھی ملک میں بدلتے حالات و واقعات کی وجہ سے پریشان دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر کے پس منظر میں منظر صہبائی کی آواز سنائی دیتی ہے جو کہ کسی تاریخی واقعے کا ذکر کر رہے ہوتے ہیں، جنہوں نے ملک پر گہرے اثرات چھوڑے۔

ثمینہ احمد کو بنگلادیش کی سیاست دان کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ ٹیزر میں ڈھاکا کے مناظر اور کچھ تشدد کے واقعات بھی دکھائے گئےہیں۔

ٹیزر میں بتایا گیا ہےکہ فلم کی کہانی سچے واقعات سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے جب کہ یہ بھی بتایا گیا ہے افواہوں اور غلط معلومات کی نصف صدی مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جا رہے ہیں۔

فلم کی ٹیم نے کہانی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا، ممکن ہے کہ کہانی کسی اور پس منظر میں ہو، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ٹیزر میں سجل علی اور بلال عباس کو ایک دوسرے کے مخالف کرداروں میں بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ’کھیل کھیل میں‘ کو آئندہ ماہ 19 نومبر کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی سینماؤں کی زینت بنایا جائے گا۔

فلم کا ٹیزر سجل علی، بلال عباس، ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی میرزا سمیت فلم والا پروڈکشن اور اے آر وائے ڈیجیٹل کے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا گیا۔

فلم ساز نبیل قریشی نے ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگوالیں، کیوں کہ آئندہ ماہ تقریبا 2 سال بعد پاکستان کی پہلی فلم سینماؤں میں ریلیز ہوگی۔

پاکستان میں مارچ 2020 میں کورونا سے احتیاط کے طور پر سینما بند کیے تھے اور حال ہی میں حکومت نے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد سینماؤں کو کھولنے کا حکم دیا تھا، تاہم تاحال کوئی نئی پاکستانی فلم ریلیز نہیں کی گئی۔

’کھیل کھیل میں‘ کے علاوہ بھی متعدد فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فلم کے بعد دوسری فلموں کو بھی ترتیب وار ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024