• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

زین ملک کی جی جی حدید سے علیحدگی اور ساس سے تکرار کا معاملہ عدالت جا پہنچا

شائع October 30, 2021
زین ملک کی ساس تکرار کےمعاملے کو عدالت لے گئی تھیں—فائل فوٹو: اے پی
زین ملک کی ساس تکرار کےمعاملے کو عدالت لے گئی تھیں—فائل فوٹو: اے پی

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار 28 سالہ زین ملک نے امریکی فیملی کورٹ میں ساس کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کی قانونی جنگ لڑنے سے معذرت کرتے ہوئے ان کے الزامات کو مسترد کردیا، تاہم عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو قبول کرلیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق زین ملک نے ریاست پنلسوانیا کے شہر فلاڈیلیفیا کی فیملی کورٹ میں ساس یلنڈا حدید کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے کی قانونی جنگ نہ لڑنے کی درخواست یعنی ’پلیڈس ناٹ کنٹیسٹ‘ (pleads no contest) کی درخواست دائر کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار کی جانب سے دائر کردہ درخواست کا آسان مطلب یہ ہےکہ وہ خود پر لگائے گئے گھریلو تشدد کے الزامات کی قانونی جنگ لڑنا نہیں چاہتے اور نہ ہی وہ الزامات کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم عدالت انہیں جو سزا دے وہ اسے قبول کریں گے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق زین ملک کے خلاف دائر کیے گئے عدالتی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے اپنی ساس یلنڈا حدید کو گالیاں دیں اور دھکے بھی دیے۔

دونوں کے ہاں ستمبر 2020 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پی
دونوں کے ہاں ستمبر 2020 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی—فائل فوٹو: اے پی

اے پی نے رپورٹ میں دوسری ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ زین ملک نے ساس کے سیکیورٹی گارڈ سے بھی ہاتھا پائی کی جب کہ اپنی پارٹنر جی جی حدید پر دباؤ ڈالا کہ وہ ماں کے بجائے ان کا ساتھ دیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زین ملک نے مذکورہ کیس فیملی کورٹ میں لڑنے کے بجائے امریکی قوانین کے تحت ’پلیڈس ناٹ کنٹیسٹ‘ (pleads no contest) کی درخواست دی، جس کا مطلب ہے ک وہ قانونی جنگ نہیں لڑنا چاہتے۔

یہ بھی پڑھیں: جی جی حدید اور زین ملک کے درمیان ایک مرتبہ پھر علیحدگی کی خبریں

رپورٹ کے مطابق فیملی کورٹ نے گلوکار کی جانب سے درخواست دائر کیے جانے کے بعد انہیں مختلف الزامات کے تحت تقریبا ایک سال کلاسیں لینے کی سزا سنائی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زین ملک کو ہر الزام کے تحت 90 دن اور مجموعی طور پر ایک سال تک گھریلو تشدد اور اچھے اخلاق و تربیت کی کلاسیں لینے کی سزا سنائی گئی اور ساتھ ہی انہیں اپنی ساس سے رابطہ نہ کرنے کا حکم بھی سنایا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر زین ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے گھریلو تشدد سے متعلق شعور اور اخلاقیات کی کلاسیں اچھی طرح سے لیں تو ان کی سزا ایک سال کے بجائے 6 ماہ میں ختم کی جا سکتی ہے۔

مذکورہ معاملے سے ایک روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ زین ملک اور ان کی پارٹنر جی جی حدید کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

امریکی و برطانوی میڈیا رپوٹس کے مطابق زین ملک اور جی جی حدید کے درمیان اپنی ایک سالہ بیٹی ’خائی حدید‘ کی پرورش کے معاملے پر چپقلش ہوئی جب کہ اسی معاملے پر گلوکار نے اپنی ساس کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔

دونوں نے تاحال واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: رائٹرز
دونوں نے تاحال واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی—فائل فوٹو: رائٹرز

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زین ملک کی جانب سے یلنڈا حدید کے ساتھ بدتمیزی سے قبل ہی جی جی حدید اور گلوکار کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

زین ملک نے خود بھی اس معاملے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ہر شخص کی انفرادی آزادی کے قائل ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی کی بہتر پرورش کے لیے کوئی اور ان کے معاملات میں مداخلت نہ کرے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جی جی حدید اور زین ملک نے تاحال واضح طور پر شادی کی تصدیق نہیں کی، ان کے ہاں ستمبر 2020 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

دونوں کے درمیان ابتدائی طور پر 2015 میں تعلقات استوار ہوئے تھے لیکن 3 سال بعد 2018 میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

دو سال کی علیحدگی کے بعد 2020 کے آغاز میں دونوں کے درمیان صلح ہونے کی خبریں آئیں اور انہیں ایک ساتھ دیکھا گیا اور بعد ازاں دونوں نے ستمبر 2020 میں اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش ہونے کی تصدیق کی۔

جی جی حدید بیٹی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
جی جی حدید بیٹی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024