• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شہناز گل کا سدھارتھ شکلا کو گانے کی صورت میں خراج عقیدت پیش

شائع October 29, 2021
گلوکارہ نے اداکار کی موت کے تقریبا 2 ماہ بعد گانا جاری کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکارہ نے اداکار کی موت کے تقریبا 2 ماہ بعد گانا جاری کیا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

بھارتی اداکارہ، گلوکارہ و ماڈل شہناز گل نے ساتھی اداکار سدرھاتھ شکلا کو ان کی موت کے تقریباً دو ماہ بعد خراج عقیدت پیش کرکے شوبز کی دنیا میں واپسی کرلی۔

سدرھارتھ شکلا گزشتہ ماہ 2 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے سے 40 سال کی عمر میں چل بسے تھے، ان کے اور شہناز گل کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'بگ باس 13' کے فاتح سدھارتھ شکلا 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد شہناز گل سوشل میڈیا اور شوبز سے دور ہو گئی تھیں اور انہیں کافی افسردہ انداز میں دیکھا گیا تھا مگر اب انہوں نے نیا گانا جاری کردیا۔

شہناز گل نے 29 اکتوبر کو ’تو یہیں ہے‘ کے عنوان سے نیا گانا جاری کیا، جس میں انہوں نے ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں سدھارتھ شکلا کے ساتھ فلمائے گئے سینز کو بھی شامل کیا ہے۔

گلوکارہ نے گانے کو جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے سدھارتھ شکلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسے جاری کیا ہے۔

گانے کی ویڈیو کے آغاز میں شہناز گل کی جانب سے سدھارتھ شکلا کو بگ باس شو میں بولے گئے جملے شامل کیے گئے ہیں، جن میں وہ اداکار کو کہتی سنائی دیتی ہیں کہ وہ صرف ان کا ہے اور اگر ان کے درمیان کوئی اور آیا تو وہ انہیں نہیں چھوڑیں گی۔

شہناز گل کی جانب سے جاری کیے جانے کے فوری بعد ٹوئٹر پر (#SidNaaz) کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا، جس میں لوگوں نے گلوکارہ کے گانے کے اسکرین شاٹس شیئر کرنے سمیت سدھارتھ شکلا کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

کئی لوگوں نے سدھارتھ شکلا اور شہناز گل کی ایک ساتھ کھچوائی گئی رومانوی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی جوڑی ٹوٹنے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

بعض لوگوں نے سدھارتھ شکلا کو خراج تحسین پیش کرنے پر شہناز گل کی تعریفیں بھی کیں اور انہیں مضبوط رہنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھیں: 'زندگی بہت مختصر ہے' سدھارتھ شکلا کی پرانی ٹوئٹ وائرل

شہناز گل اور سدارتھ شکلا کے درمیان 2019 میں نشر کیے جانے والے بگ باس 13 میں ایک ساتھ شرکت کرنے کے بعد تعلقات استوار ہوئے تھے۔

دونوں کی جوڑی کو شو میں کافی سراہا گیا تھا، شو کے بعد دونوں متعدد گانوں میں ایک ساتھ ماڈلنگ بھی کرتے دکھائی دیے۔

دونوں ایک ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شیئر کرتے رہتے تھے جب کہ میڈیا میں ایک دوسرے سے محبت سے متعلق بیانات بھی دیتے رہتے تھے۔

سدھارتھ شکلا اور شہناز گل کی جوڑی کو کافی سراہا بھی جاتا رہا ہے جب کہ ستمبر 2021 میں سدھارتھ شکلا کی اچانک موت کے بعد لوگوں نے شہناز گل کے ساتھ اظہار افسوس اور ہمدردی بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024