• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ایک مرتبہ ہدایت کار، دوسری دفعہ پروڈیوسر نے جنسی طورپر ہراساں کیا، ایشا گپتا

شائع October 28, 2021
ان لڑکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ ذہین ہوتی ہیں، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ان لڑکیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جو کہ ذہین ہوتی ہیں، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’بادشاہو، پلٹن، جنت اور ہم شکل‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ ایشا گپتا نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے ابتدائی سالوں میں انہیں ایک مرتبہ ہدایت کار جب کہ دوسری دفعہ فلم کے شریک پروڈیوسر نے جنسی طور پر ہراساں کیا۔

ایشا گپتا نے 2012 میں عمران ہاشمی کی کرائم تھرلر فلم ’جنت ٹو‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے دوسری فلم بھی عمران ہاشمی کے ساتھ ’راز تھری ڈی‘ کی تھی۔

حال ہی میں انہوں نے ’بولی وڈ ببل‘ کو دیے گئے انٹرویو میں شوبز میں آنے اور انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ یعنی کام کے بدلے جنسی تعلقات کے معاملے سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بولی وڈ میں نسل پرستی یا اقربا پروری موجود نہیں ہے۔

ایشا گپتا نے کہا کہ بولی وڈ میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ یعنی کام کے بدلے جنسی تعلقات کا رجحان پرانا ہے اور انہیں بھی ایسے عمل کا سامنا ہوا اور حیران کن طور پر انہیں ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ ایسے تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ بولی وڈ میں ان خواتین اور لڑکیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جاتا ہے جن کا تعلق فلم انڈسٹری کے خاندان سے نہیں ہوتا۔

ایشا گپتا کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کے لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ جس لڑکی کا تعلق کسی فلمی خاندان سے نہیں ہے اور اسے کام بھی چاہیے تو اسے وہ ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کا نشانہ بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے ایسا لگا جیسے میرا ریپ ہوگیا، ایشا گپتا

اداکارہ کے مطابق بولی وڈ میں اسٹار کڈز کو کوئی ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کا نشانہ بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتا، کیوں کہ اگر کوئی ان کے ساتھ ایسا کرے گا تو ان کے گھر والے آکر اس شخص کو قتل کردیں گے جو ان کے بچوں کے ساتھ غلط کام کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ کیریئر کے آغاز میں تھیں تو ایک فلم کے ہدایت کار نے ان سے رات کو کمرے میں تنہا سونے کی فرمائش کی تاکہ وہ رات کو ان کے کمرے میں آئیں۔

ایشا گپتا کے مطابق ہدایت کار ان کے ساتھ سونا چاہتا تھا اور وہ ان کی باتوں کو سمجھ گئی تھیں، اس لیے انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ کمرے میں میک اپ آرٹسٹ کو رکھا اور راتوں کو اکثر بیدار رہتیں۔

انہوں نے دوسرے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دوسری دفعہ انہیں فلم کے ایک شریک پروڈیوسر نے ہراساں کیا اور شوٹنگ ہونے کے درمیان ہی انہیں کاسٹ کرنے پر اعتراض کرکے انہیں پھنسانے کی کوشش کی۔

اداکارہ نے دونوں فلم سازوں کے نام نہیں بتائے اور نہ ہی بتایا کہ انہیں کن فلموں کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

ایشا گپتا کا مزید کہنا تھا کہ بولی وڈ میں ان خواتین کے ساتھ زیادہ مسائل کیے جاتے ہیں جو ذہین ہوتی ہیں اور جو دوسرے لوگوں کی ’ہاں‘ میں ’ہاں‘ نہیں ملاتیں اور اپنے کام سے مطلب رکھتی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشا گپتا بھی انوشکا کی طرح کرکٹر سے شادی کرنے والی ہیں؟

اس سے قبل جولائی 2019 میں ایشا گپتا نے دعویٰ کیا تھا کہ ممبئی کے ایک ہوٹل مالک نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا اور انہیں کافی دیر تک نامناسب نظروں سے گھورتا رہا، جس سے وہ ڈر گئیں۔

ایشا گپتا کی کامیاب فلموں میں ’ون ڈے: جسٹس ڈلیور، بادشاہو، پلٹن، ٹوٹل دھمال، جنت 2، راز تھری ڈی، کمانڈو ٹو، چکر یدھ اور بے بی‘ شامل ہیں، انہوں نے دو درجن کے قریب فلموں میں کام کیا ہے۔

ماضی میں وہ بھارتی کرکٹر ہردک پانڈیا کے ساتھ تعلقات کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بنتی رہی ہیں اور ان کے حوالے سے یہ خبریں تک تھیں کہ وہ کرکٹر سے جلد شادی کے رشتے میں بندھ جائیں گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Michael D'Souza Oct 29, 2021 01:25pm
Esha a beautiful and talented actress but was exploited by the Bollywood industry, so she has almost left it. Every day dozens of girls reach Bombay for films and most of them have to go thru casting couch.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024