ایلون مسک کی دولت میں ایک دن میں ریکارڈ اضافہ
ایک کار رینٹل کمپنی کی جانب سے ٹیسلا گاڑیوں کے ایک آرڈر کے نتیجے میں کسی بھی ارب پتی فرد کی دولت میں ایک دن کا سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
جی ہاں امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی دولت میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 36 ارب ڈالر (63 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق رینٹل کمپنی ہرٹز نے ایک لاکھ ٹیسلا گاڑیوں کا آرڈر دیا جس کے نتیجے میں کمپنی کے حصص کی قیمت میں 14.9 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے نتیجے میں ٹیسلا کے 23 فیصد حصص کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 36.2 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور ان کے اثاثے ریکارڈ 289 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے۔
اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ دولت کمانے کا ریکارڈ 2020 میں چینی ارب پتی زونگ شان شان نے بنایا تھا جن کی دولت میں ایک دن میں 32 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
ایلون مسک کے دو تہائی اثاثے براہ راست ٹیسلا کمپنی کے حصص اور دیگر آپشنز سے منسلک ہیں۔
گزشتہ سال جیف بیزوز اور ایلون مسک کے درمیان دنیا کے امیر ترین فرد بننے کا مقابلہ تھا اور دونوں ہی کئی مرتبہ پہلے اور دوسرے نمبر پر آئے۔
مگر اب ایلون مسک نے جیف بیزوز پر بڑی سبقت حاصل کرلی ہے اور ایمازون کے بانی 193 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں اور کافی پیچھے رہ گئے ہیں۔
ایلون مسک ایک سال کے دوران 119 ارب ڈالرز کما چکے ہیں اور خیال کیا جارہا ہے کہ وہ ایک ٹریلین ڈالرز (ایک ہزار ارب ڈالرز) کمانے والے پہلے فرد بھی بن سکتے ہیں۔
ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں اضافے سے الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی کی قدر ٹریلین ڈالرز تک پہنچ گئی۔
فرانس سے تعلق رکھنے والے برنارڈ ارنالٹ 163 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے، بل گیٹس 134 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے اور گوگل کے شریک بانی لیری پیج 123 ارب ڈالرز کے ساتھ 5 ویں نمبر پر ہیں۔