• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جاپانی شہزادی ماکو نے محبت کی خاطر شاہی حیثیت کو خیرباد کہہ دیا

شائع October 26, 2021
شہزادی ماکو نے 25 اکتوبر کو شاہی محل چھوڑا—فوٹو: رائٹرز
شہزادی ماکو نے 25 اکتوبر کو شاہی محل چھوڑا—فوٹو: رائٹرز

دنیا کے قدیم ترین شاہی خاندانوں میں شمار ہونے والے جاپان کے شاہی خاندان کی 30 سالہ شہزادی نے محبت کی خاطر شاہی حیثیت کو ٹھکراتے ہوئے ایک عام شخص سے شادی کرلی۔

خبر رساں ادارے ’ایجنسی فرانس پریس‘ (اے ایف پی) کے مطابق جاپانی بادشاہ نارو ہیتو کی بھتیجی شہزادی ماکو نے اپنے دیرینہ بوائے فرینڈ اور کلاس فیلو 30 سالہ کائی کومیورو سے شادی کے بعد شاہی محل چھوڑ دیا۔

شاہی روایات کے مطابق عام شخص سے شادی کرنے کے بعد شاہی خاندان کی خواتین کو شاہی حیثیت سے الگ کردیا جاتا ہے لیکن مرد حضرات کو عام خواتین سے شادی کرنے کی اجازت ہے۔

عام شخص سے شادی کرنے کے بعد شہزادی ماکو نے جہاں شاہی محل اور شاہی حیثیت چھوڑ دی، وہیں انہوں نے روایات کے مطابق شادی کے موقع پر خاندان کی جانب سے ملنے والی خطیر ساڑھے 13 لاکھ امریکی ڈالر کی رقم کو قبول کرنے سے بھی انکار کیا۔

شہزادی ماکو نے 25 اکتوبر کو شاہی محل کو خیرباد کہا—فوٹو: جاپان ٹائمز
شہزادی ماکو نے 25 اکتوبر کو شاہی محل کو خیرباد کہا—فوٹو: جاپان ٹائمز

شہزادی ماکو نے خاموشی سے شادی کرنے کے بعد 25 اکتوبر کو شاہی محل کو خیرباد کہا اور اس دوران جاپانی ٹی وی چینلز پر براہ راست مناظر دکھائے گئے۔

شہزادی ماکو اور کائی کومیورو نے خاموشی اور سادگی سے شادی کی، دونوں نے ستمبر 2017 میں شادی کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: محبت کے لیے شاہی حیثیت ٹھکرانے والی شہزادی

دونوں کا منصوبہ تھا کہ وہ 2018 کے وسط تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے مگر دونوں گریجوئیشن کے لیے امریکا منتقل ہوئے تھے، جس کی وجہ سے ان کی شادی میں تاخیر ہوئی۔

شہزادی کی جانب سے عام شخص سے محبت کرنے اور اسی سے شادی کے اعلان کے بعد جاپانی میڈیا میں ان کے بوائے فرینڈ کائی کومیورو سے متعلق من گھڑت خبریں شائع ہوتی رہیں، جن پر شہزادی ماکو نے اظہار افسوس بھی کیا۔

شہزادی ماکو نے 2017 میں ہی عام شخص سے شادی کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی
شہزادی ماکو نے 2017 میں ہی عام شخص سے شادی کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

شہزادی ماکو نے شاہی محل چھوڑتے وقت میڈیا سے مختصر بات میں کہا کہ انہیں اپنے اور کائی کومیورو کے تعلق سے متعلق میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں پر افسوس ہے۔

جاپانی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں یہ دعوے تک کیے گئے کہ کائی کومیورو نے دولت کی خاطر شہزادی سے محبت کی ہے اور پیسوں کی خاطر ہی ان سے شادی کرنے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایک اور جاپانی شہزادی محبت کی خاطر شاہی حیثیت ٹھکرانے کو تیار

تاہم شادی کے بعد شہزادی ماکو نے شاہی خاندان کی جانب سے دی جانے والی رقم کو ٹھکرا کر تمام افواہوں کو غلط ثابت کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں شادی کے بعد امریکا منتقل ہوجائیں گے، جہاں کائی کومیورو ایک لا فرم سے وابستہ ہیں اور دونوں ممکنہ طور پر وکالت کے پیشے سے ہی وابستہ ہو جائیں گے۔

دونوں کی محبت اور شادی کے بعد دونوں کو جاپان کا شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل قرار دیا جا رہا ہے۔

شہزادہ ہیری نے بھی ایک عام امریکی خاتون میگھن مارکل سے شادی کی تھی اور مارچ 2020 میں انہوں نے شاہی حیثیت چھوڑ کر عام افراد کی طرح امریکا میں زندگی گزارنا شروع کی تھی۔

شہزادی ماکو بادشاہ نارو ہیتو کی بھتیجی ہیں—فائل فوٹو: اے پی
شہزادی ماکو بادشاہ نارو ہیتو کی بھتیجی ہیں—فائل فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024