• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک میں دو ماہ میں کورونا کیسز میں 75 فیصد تک کمی

شائع October 26, 2021
ملک کے مختلف ہسپتالوں میں وبا سے متاثرہ ایک ہزار 591 مریض زیر علاج ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز
ملک کے مختلف ہسپتالوں میں وبا سے متاثرہ ایک ہزار 591 مریض زیر علاج ہیں — فائل فوٹو / رائٹرز

ملک میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 75 فیصد اور ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح چار گنا تک کم ہوگئی۔

تاہم گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وبا سے مزید 698 افراد متاثر ہوئے جبکہ 9 مریض انتقال کر گئے، ملک میں مثبت کیسز کی شرح 1.65 فیصد رہی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں 25 اکتوبر کو کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 23 ہزار 940 رہ گئی۔

صرف دو ماہ قبل ملک میں فعال کیسز کی تعداد لگ بھگ 90 ہزار تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مختلف ہسپتالوں میں وبا سے متاثرہ ایک ہزار 591 مریض زیر علاج ہیں، اگست میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 6 ہزار تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ویکسین کی 10 کروڑ خوراکوں کا سنگ میل عبور کرلیا

ملک بھر میں اس وقت 218 وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں، اسی طرح آکسیجن بیڈز کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے 12 لاکھ 69 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 12 لاکھ 16 ہزار 908 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ 28 ہزار 386 انتقال کر گئے۔

ملک میں اب تک کووڈ 19 کے 2 کروڑ سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان، پولیو وائرس کے خاتمے کے بالکل قریب ہے۔

ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم معذور کرنے والی بیماری کے خاتمے کی 1994 سے کوششیں کر رہے ہیں، لیکن اب ہمیں ملک کو پولیو سے پاک بنانے کا سنہری موقع نہیں گنوانا چاہیے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کورونا کے باعث مشکلات کے باوجود پاکستان میں وائرس پر قابو پایا گیا اور ایسا اس لیے ہوا کیونکہ ملک بھر میں متعدد کامیاب پولیو مہمات چلائی گئیں‘۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے اجلاس کے شرکا کو یقین دہانی کرائی کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی ایک اور قسم کی موجودگی کا انکشاف

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں رواں سال اب تک پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جو بلوچستان سے سامنے آیا۔

سال 2020 میں پاکستان میں پولیو کے 84 کیسز کی تشخیص ہوئی تھی اور 2019 میں یہ تعداد 147 تھی۔

پولیو انتہائی متعدی بیماری ہے جو پولیو وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے اور بڑے پیمانے پر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتی ہے۔

کیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے اس لیے ویکسی نیشن ہی سے بچوں کو معذور کرنے والی بیماری سے مؤثر طریقے سے بچایا جاسکتا ہے۔

دنیا میں اب صرف دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں سے پولیو کیسز سامنے آتے ہیں اور وہ پاکستان اور افغانستان ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024