• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
پاکستانی ٹیم کو مختلف شخصیات نے شان دار کارکردگی اور جیت پر مبارک باد دی—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح، ٹیم! ‘قوم کو آپ پر فخر ہے’

ٹیم کو مبارک باد، بابر اعظم نے فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کی، رضوان اور شاہین آفریدی نے شان دار کارکردگی دکھائی، وزیراعظم
شائع October 25, 2021

بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان کی شان دار کارکردگی کی بدولت تاریخ میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرادیا۔

پاکستان ٹیم کی تاریخی فتح پر وزیراعظم عمران خان، پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیزراجا اور اپوزیشن رہنماؤں اور سابق کرکٹرز اور دیگر مشہور شخصیات نے مبارک باد دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجا نے کہا کہ ‘الحمداللہ۔۔۔یہ پہلا اور بہترین قدم ہے لیکن یاد رکھیے سفر ابھی شروع ہوا ہے۔۔۔تمام پاکستانیوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور خوشی کا موقع فراہم کرنے پر ٹیم کا شکریہ’

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ ‘اس قدر مضبوط ٹیم سے فتح ایک بڑی کامیابی ہے اور اسی مثبت ذہن کے ساتھ کھیلنا ہے’۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ‘پاکستان ٹیم کو مبارک باد خاص کر بابر اعظم کو جنہوں نے فرنٹ سے ٹیم کی قیادت کی اور اس کے ساتھ رضوان اور شاہین آفریدی کی شان دار کارکردگی دکھائی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘قوم کو آپ پر فخر ہے’۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ یک طرفہ مقابلہ اور 10 وکٹوں سے جیت پر قوم کو فخر ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ‘قوم کو آپ کی بہترین کارکردگی پر فخر ہے’۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے ٹوئٹ میں کہا کہ ‘چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت کے خلاف غیرمعمولی کارکردگی اور شان دار کامیابی پر مبارک دی ہے’۔ آرمی چیف نے کہا کہ ‘پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہم سب کو فخر کا قابل بنادیا ہے’۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ٹوئٹر میں کہا کہ ‘کیا میچ تھا کہ دونوں ٹیموں کا کوئی موازنہ ہی نہیں تھا، آپ سب کو مبارک ہو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ویلڈن ٹیم گرین’۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘ٹیم پاکستان کی کیا زبردست فتح ہے، چمپئنز شاباش’۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں قومی ٹیم کی فتح پر قوم کو مبارک باد دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر قومی ٹیم نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، یہ وقت ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک اپنی ٹیم بھیج کر پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ قوم کی دعاوں سے کرکٹ ٹیم کی فتح ہوئی، ثابت ہوا کہ ہمارے کرکٹ کھلاڑی مد مقابل ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیرداخلہ رشید نے کہا کہ 'راولپنڈی لال حویلی سے! پاکستان کی بھارت کو عبرت ناک شکست پر پوری قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی عوام کو جیت مبارک ہو'۔

انہوں نے کہا کہ 'آج پورا پاکستان زندہ باد سے گونج اٹھا'۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ ‘ویلڈن ٹیم پاکستان! الحمداللہ’

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ ‘واؤ! بہترین کارکردگی پر ویلڈن ٹیم پاکستان، تحمل، نپاتلا گیم، ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں شان دار آغاز پر مبارک باد’۔

ریحام خان نے لکھا کہ 'پاکستان کی جیت کی خوشی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے استعفی دے دیا'۔

بھارت کی شکست کے بعد ٹوئٹر پر میمز بھی بنائی گئی اور مختلف انداز میں قومی ٹیم کی جیت کی خوشی منائی گئی۔

صحافی ابصار عالم نے بھی ٹوئٹ کیا ۔