• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:22pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:44pm
  • ISB: Maghrib 5:19pm Isha 6:47pm

شوٹنگ کے دوران مشہور ہولی وڈ اداکار کی فائرنگ سے خاتون ہلاک، ہدایتکار زخمی

شائع October 22, 2021
فائرنگ کے واقعے کے بعد شوٹنگ منسوخ کردی گئی—فائل فوٹو: اے پی
فائرنگ کے واقعے کے بعد شوٹنگ منسوخ کردی گئی—فائل فوٹو: اے پی

مشہور ہولی وڈ اداکار 63 سالہ ایلک بولڈون کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق معروف اداکار اپنی آنے والی فلم ’رسٹ‘ کی شوٹنگ کے لیے امریکی ریاست نیو میکسیکو میں رات دیر گئے شوٹنگ کر رہے تھے کہ ان کی فائرنگ سے فلم کی ٹیم میں شامل فوٹوگرافی ڈائریکٹر ہلاک ہوگئیں جب کہ ہدایت کار زخمی ہوگئے۔

رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی گئی کہ مذکورہ واقعہ رات دیر گئے شوٹنگ کے دوران سامنے آیا، جہاں فائرنگ سے فلم کی ڈائریکٹر فوٹوگرافی 42 سالہ ہیلینا ہچنس سخت زخمی ہوگئیں جو بعد ازاں ہسپتال منتقلی کے دوران چل بسیں۔

اداکار کی فائرنگ سے فلم کے ہدایت کار 48 سالہ جول سوزا بھی زخمی ہوگئے جو اس وقت ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق تاحال اداکار پر کسی طرح کا مقدمہ دائر نہیں کیا گیا لیکن تفتیش جاری ہے اور عینی گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، تفتیش مکمل ہونے کے بعد اداکار کے خلاف الزامات لگا کر مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

فائرنگ سے ڈائریکٹر فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس سے ہلاک ہوگئیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
فائرنگ سے ڈائریکٹر فوٹوگرافی ہیلینا ہچنس سے ہلاک ہوگئیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

دوسری جانب اداکار کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کو حادثہ قرار دیا اور کہا کہ ایلک بولڈون نے جان بوجھ کر فائرنگ نہیں کی بلکہ ان سے حادثاتی طور پر گولیاں چلیں۔

ایلک بولڈون نے جس فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ کی، اس کی شوٹنگ گزشتہ برس سے جاری تھی اور وہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں۔

فلم کی کہانی 1880 کے دور کی ہے، جس میں ایک جواں سالہ لڑکے کو حادثاتی طور پر دوسرے لوگوں کو ہلاک کرنے کے الزام میں سزا سنائی جاتی ہے۔

ایلک بولڈون کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں خاتون ہدایت کارہ کی ہلاکت اور دوسرے ڈائریکٹر کے زخمی ہونے پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایلک بولڈون نے اب تک 6 درجن کے قریب فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کی ہے، انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں، انہوں نے 1985 میں فلموں میں ایکٹنگ شروع کی تھی۔

مذکورہ واقعے سے قبل بھی ایلک بولڈن متنازع واقعات کر چکے ہیں، انہیں کچھ سال قبل پرواز کے اڑان بھرنے کے وقت موبائل فون استعمال کرنے کے الزام میں طیارے سے بھی اتارا گیا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھی وہ ساتھی اداکاروں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے کی وجہ سے خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔

ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد واقعات میں شوٹنگ ٹیم کے ارکان ہلاک ہو چکے ہیں۔

سال 1993 میں معروف اداکار اور مارشل آرٹ کے ماہر بروس لی کے نوجوان بیٹے 28 سالہ برینڈن لی بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران حقیقی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے، وہ فلم میں ہلاکت کا منظر شوٹ کروا رہےتھے کہ ساتھی اداکار نے ان پر حقیقی گولیاں چلا دی تھیں۔

اسی طرح 1984 میں امریکی اداکار جان ایرک بھی ایک ٹی وی سیریل میں خودکشی کا سین شوٹ کرواتے وقت حقیقی گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں دیگر متعدد کیسز میں بھی فلم کی شوٹنگ کے دوران حقیقی گولیاں چلنے سے فلم کی ٹیم کے ارکان سمیت بعض راہگیر بھی ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025