ایک اور فتح: بولٹ نے عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

ماسکو: ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیئن شپ میں عالمی شہرت یافتہ یوسین بولٹ کی جانب سے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری ہے جہاں انہوں نے 400 میٹر کی ریلے ریس میں سونے کا تمغہ جیت کر عالمی ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
کھیل کی تاریخ کی عظیم ترین ہستیوں برازیلین فٹبالر پیلے اور باکسر محمد علی کلے کی طرح امر ہونے کے خواہشمند بولٹ اس سے قبل 100 اور 200 میٹر کی ریس میں بھی اپنے نام کر کے سونے کے تمغے جیت چکے ہیں۔
بولٹ نے ان دونوں ریسوں میں مقررہ فاصلہ باآسانی بالترتیب 9.77 اور 19.66 سیکنڈ میں طے کیا۔
مجموعی طور پر جمیکن اسٹار کیریئر میں آٹھ سونے اور دو چاندی کے تمغوں سمیت 10 تمغے جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں اور انہوں نے امریکا کے ریٹائرڈ لیجنڈ کھلاڑیوں کارل لوئس اور مائیکل جانسن کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے جبکہ اس فہرست میں امریکا کی 200 میٹر کی اسپیشلسٹ خاتون کھلاڑی الائیسن فیلکس بھی ان کی ہمسر ہیں تاہم بولٹ کو زیادہ سلور میڈل بقیہ تینوں پر سبقت حاصل ہے۔
لوئس نے اپنے کیریئر میں آٹھ سونے، ایک چاندی اور ایک برانز میڈل جیتا تھا جبکہ جانسن آٹھ سونے کے تمغے جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ورلڈ چیمپیئن شپ میں دنیا کے کامیاب ترین اتھلیٹ کا اعزاز پانے والے بولٹ نے 400 میٹر کی ریلے (400 x 100) ریس میں 37.36 سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ طے کیا جہاں ان کے امریکی اور برطانوی حریف بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
بولٹ کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیم کی ساتھی کھلاڑی شیلے این فریزر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 100 اور دو میٹر کی ریس کے ساتھ ساتھ 400 میٹر کی ریلے ریس جیتنے والی پہلی خاتون اسپرنٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس سے قبل انہوں نے بھی 100 اور 200 میٹر کی ریس جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔