• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ملکہ برطانیہ نے ’اولڈی آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ لینے سے معذرت کرلی

شائع October 20, 2021
ملکہ برطانیہ کے مطابق وہ بزرگ افراد کے ایوارڈ کی مستحق نہیں ہیں—فائل فوٹو: اے پی
ملکہ برطانیہ کے مطابق وہ بزرگ افراد کے ایوارڈ کی مستحق نہیں ہیں—فائل فوٹو: اے پی

دنیا کی معمر ترین ملکہ کا اعزاز حاصل کرنے والی ملکہ برطانیہ 95 سالہ الزبتھ دوئم نے عمر رسیدہ افراد کو دیے جانے والا اعزاز ’اولڈی آف دی ایئر‘ لینے سے معذرت کرلی۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ملکہ برطانیہ نے برطانیہ کے معروف میگزین کی جانب سے ’اولڈی آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ وصول کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ وہ مذکورہ ایوارڈ کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کو برطانوی ’دی اولڈی میگزین‘ کی جانب سے سالانہ ایوارڈ وصول کرنے کے لیے دعوت نامہ لکھا گیا تھا، جس میں ملکہ سے رائے پوچھی گئی تھی کہ کیا وہ مذکورہ ایوارڈ قبول کریں گی۔

میگزین انتظامیہ کی جانب سے ملکہ برطانیہ کو رواں برس جولائی کے آخر میں خط لکھا گیا تھا، جس کا انہوں نے اگست 2021 میں جواب دیا تھا۔

ملکہ برطانیہ نے میگزین کی جانب سے ایوارڈ کی پیش کش کیے جانے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے جواب میں لکھا تھا کہ وہ خود کو ’اولڈی آف دی ایئر‘ ایوارڈ کی مستحق نہیں سمجھتیں۔

ملکہ برطانیہ نے اگست 2021 میں میگزین سے معذرت کی تھی—فوٹو: اولڈی میگزین
ملکہ برطانیہ نے اگست 2021 میں میگزین سے معذرت کی تھی—فوٹو: اولڈی میگزین

ملکہ کے سیکریٹری کی جانب سے لکھے گئے جواب میں بتایا گیا تھا کہ الزبتھ دوئم کا کہنا ہے کہ ہر انسان کی عمر اتنی ہی ہوتی ہے، جتنی عمر وہ خود محسوس کرتا ہے، اس لیے وہ سمجھتی ہیں کہ وہ ’اولڈی آف دی ایئر‘ ایوارڈ کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

’اولڈی میگزین‘ نے 19 اکتوبر کو ملکہ برطانیہ کی جانب سے بھیجے گئے جواب کو شائع کرتے ہوئے ملکہ کے انکار کو تاریخی اور سب سے بہترین جواب قرار دیا۔

خیال رہے کہ ’اولڈی میگزین‘ لگ بھگ تین دہائیوں سے مذکورہ ایوارڈ نمایاں خدمات سر انجام دینے والے عمر رسیدہ افراد کو ہر سال دیتا آر ہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہ برطانیہ کے شوہر، شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

مذکورہ ایوارڈ عام طور پر 90 سال کی عمر تک پہنچنے والی اہم شخصیات کو دیا جاتا ہے لیکن اس سے کم عمر افراد کو بھی مذکورہ ایوارڈ دیا جاتا رہا ہے۔

ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپس کو بھی مذکورہ میگزین 9 سال قبل ’اولڈی آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ ان کی 90 ویں سالگرہ پر دے چکا تھا اور شہزادے نے خوشی سے ایوارڈ قبول کیا تھا۔

علاوہ ازاں مذکورہ ایوارڈ متعدد برطانیہ سمیت یورپی و امریکی شخصیات کو دیا جا چکا ہے اور رواں سال ملکہ برطانیہ کے انکار کے بعد ’اولڈی آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ فرانسیسی نژاد امریکی اداکارہ 90 سالہ لیزلی کیرن کو دیا گیا۔

ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر 2021 کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا تھا—فوٹو: پی اے
ملکہ برطانیہ کو پہلی بار 12 اکتوبر 2021 کو چھڑی کے ساتھ دیکھا گیا تھا—فوٹو: پی اے

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024