• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عائشہ عمر یورپی گلوکار ایکسنٹ کے ساتھ کیا منصوبہ کرنے جا رہی ہیں؟

شائع October 15, 2021
ایکسنٹ نے کمنٹ میں عندیہ دیا کہ وہ عائشہ عمر کےہمراہ منصوبے پر کام کریں گے—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام
ایکسنٹ نے کمنٹ میں عندیہ دیا کہ وہ عائشہ عمر کےہمراہ منصوبے پر کام کریں گے—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام

یورپی ملک رومانیہ کے میوزیکل پاپ بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے گلوکار ایڈرین سینا عرف ایڈی سینا المعروف ’ایکسنٹ‘ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر کے ہمراہ کوئی بڑا منصوبہ کرنے جا رہے ہیں۔

ایڈرین سینا المعروف ’ایکسنٹ‘ نے 14 اکتوبر کو ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیشن میں لکھا کہ وہ اس مرتبہ اپنی چھٹیاں پاکستانی شمالی علاقہ جات میں گزارنے کے خواہاں ہیں۔

ایکسنٹ نے لکھا کہ وہ اپنی چھٹیاں گلگت بلتستان کے معروف سیاحتی مقام ہنزہ میں گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

معروف گلوکار نے لکھا کہ وہ ہنزہ میں چھٹیاں گزار کر دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے مختصر ویڈیو میں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے مداح بہت ہی جلد انہیں پاکستان میں دیکھیں گے۔

ایکسنٹ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا جب کہ عائشہ عمر نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ پاکستان آ چکے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: میوزک بینڈ ایکسنٹ کے گلوکار نے 'پاکستانی کرتا' پہن کر مداحوں کو حیران کردیا

عائشہ عمر کے پوچھے جانے پر ایکسنٹ نے انہیں جواب دیا کہ ابھی وہ پاکستان نہیں پہنچے مگر رواں برس دسمبر میں آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

گلوکار کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے پر عائشہ عمر نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ پاکستان پہنچ چکے ہیں—اسکرین شاٹ
گلوکار کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے پر عائشہ عمر نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ پاکستان پہنچ چکے ہیں—اسکرین شاٹ

ایکسنٹ کے مطابق وہ سیاحتی تشہیر کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور پھر وہاں آکر وہ عائشہ عمر سے رابطہ کریں گے۔

ایکسنٹ نے عائشہ عمر کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ہنزہ کا ٹوئر کرنے کے بعد ان کی ملاقات ان سے طے ہے اور دونوں مل کر کسی بڑے منصوبے پر کام کریں گے۔

اداکارہ کے پوچھنے پر گلوکار نے بتایا کہ وہ دسمبر میں آکر ان سے بھی ملیں گے—اسکرین شاٹ
اداکارہ کے پوچھنے پر گلوکار نے بتایا کہ وہ دسمبر میں آکر ان سے بھی ملیں گے—اسکرین شاٹ

یورپی گلوکار نے اپنے کمنٹس کے اختتام پر ’انشا اللہ‘ کا لفظ بھی استعمال کیا۔

ایکسنٹ کی جانب سے عائشہ عمر کے ساتھ کسی منصوبے پر کام کرنے کا عندیہ دیے جانے کے بعد مداح خیال کر رہے ہیں کہ ممکنہ طور پر پاکستانی اداکارہ یورپی گلوکار کے کسی گانے کا حصہ بنیں گی۔

تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے جب کہ فوری طور پر عائشہ عمر نے بھی اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024