• KHI: Maghrib 5:52pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:52pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:08pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:08pm Isha 6:37pm

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 661.3 پوائنٹس کی کمی پر بند

شائع October 13, 2021
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کا رجحان جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کا رجحان جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج پھر مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس 661.3 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 43 ہزار 221 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بدھ کو دن کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور پہلے گھنٹے میں کاروبار میں مثبت رجحان کے باعث 290 پوائنٹس کے اضافے کے بعد انڈیکس صبح 10 بجے سے قبل ہی 44 ہزار 172.74 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تھا۔

مزید پڑھیں: امریکی سینیٹ میں مجوزہ بل پر تشویش، اسٹاک مارکیٹ میں 908 پوائنٹس کی کمی

لیکن دوپہر تک مارکیٹ میں بتدریج گراوٹ کا رجحان دیکھا گیا اور دوپہر تین بجے کے بعد اس رجحان میں تیزی دیکھی گئی اور دوپہر 3 بجکر 27 منٹ تک انڈیکس میں 803 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

اس کے بعد کاروبار میں قدرے بہتری کے باعث انڈیکس میں کچھ بحالی ہوئی اور کاروبار 1.5 فیصد کمی کے بعد 661 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب محمد سہیل نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دار ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے حوالے سے جاری تنازع کے باعث پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث اسٹاک مارکیٹ مزید تنزلی کا شکار ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج چھ ماہ کی کم ترین سطح پر بند

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ عالمی ایکویٹی کی فروخت اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے تمام اسٹاک گررہے ہیں جس سے سرمایہ کار پریشان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات پر جاری غیر یقینی صورتحال کے باعث بھی اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح اور امریکی سینیٹ میں حالیہ دنوں میں پیش ہونے والے بل پر سرمایہ کاروں میں تشویش کے باعث اسٹاک ایکسچینج تقریباً 3 فیصد تک گر گیا تھا اور 908 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان

گزشتہ دنوں 11 اکتوبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار کاروبار کے پہلے روز شدید مندی کے بعد 100 انڈیکس 6 ماہ کی کم ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

پیر کو دن کے اختتام پر انڈیکس 43 ہزار 829 پوائنٹس پر بند ہوا تھا اور یہ چھ ماہ سے زائد عرصے کے بعد انڈیکس 44 ہزار پوائنٹس سے کم سطح پر بند ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 دسمبر 2024
کارٹون : 27 دسمبر 2024