• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بنگلور کے آئی پی ایل سے باہر ہونے پر آسٹریلین کرکٹرز کو تضحیک آمیز رویے کا سامنا

شائع October 12, 2021 اپ ڈیٹ October 13, 2021
آسٹریلین کرکٹر گلین میکسویل اور ڈینئل کرسچن کو شائقین کے تضحیک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا— فائل فوٹو: ٹوئٹر
آسٹریلین کرکٹر گلین میکسویل اور ڈینئل کرسچن کو شائقین کے تضحیک آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا— فائل فوٹو: ٹوئٹر

انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) سے رائل چیلنجرز بنگلور کے اخراج پر آسٹریلین کھلاڑیوں گلین میکسویل اور ڈینیئل کرسچن کو سوشل میڈیا پر بھارتی شائقین کے تضحیک آمیز رویے اور بدترین ٹرولنگ کا سامنا ہے۔

ویرات کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجر بنگلور کو اس سال بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور پلے آف میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف شکست کے بعد بنگلور کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

ایلیمنیٹر میچ میں بنگلور نے پہلے کھیلتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، جواب میں کولکتہ نائٹ رائیڈر نے چھ وکٹوں کے نقصان پر دو گیندوں قبل ہدف حاصل کرلیا۔

میچ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے آسٹریلین آل راؤنڈرز گلین میکسویل اور ڈینیئل کرسچن کو رائل چیلنجر بنگلور کی شکست پر برہم شائقین نے بدترین تنقید اور تضحیک کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ بھارتی شائقین نے کرکٹرز کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ تک کو نہ چھوڑا۔

اس بدترین تنقید پر برہم گلین میکسویل نے سامجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش کچھ بکواس انتہائی ناقابل مایوس کن ہے۔

انہوں نے تضحیک کرنے والوں کے رویے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم انسان ہیں جو روزانہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

میچ میں گلین میکسویل صرف 15 رنز بنا سکے تھے جبکہ ڈینیئل کرسچن نے صرف 9 رنز بنائے اور سنیل نارائن کے ہاتھوں ایک اوور میں تین چھکے بھی کھائے۔

شائقین نے ڈینیئل کرسچن کے ساتھ ساتھ ان کی حاملہ بیوی کو بھی تضحیک کا نشانہ بنایا۔

ڈینیئل کرسچن نے انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرا اچھا کھیل نہیں رہا لیکن یہ ایک کھیل ہے لہٰذا میری بیوی کو اس معاملے سے باہر رکھیں۔

اس بدترین تنقید پر رائل چیلنجر بنگلور نے بھی آسٹریلین کھلاڑیوں کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت اس خوبصورت کھیل کا حصہ ہے جسے ہم پیار کرتے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں نے اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے دن رات سخت محنت کی اور ہمارے لیے ہر میچ جیتنے کی کوشش کی۔

فرنچائز نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ڈینیئل کرسچن ہم آپ کے ساتھ ہیں ، ہم کھلاڑیوں خصوصاً ان کے اہلخانہ سے کی جانے والی آن لائن تضحیک کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

کولکتہ نائٹ رائیڈر کے وکٹ کیپر بلے باز نے بھی شائقین کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں، وہ جو محسوس کرتے ہیں بول دیتے ہیں لیکن انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ جو شخص یہ پڑھ رہا ہوگا اس پر کیا بیتے گی۔

یاد رہے کہ ماضی میں بھارتی شائقین ناقص کارکردگی پر ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ اور بالی وڈ اسٹار انوشکا شرما کو بھی نہیں چھوڑا۔

یہ ویرات کوہلی کا رائل چیلنجرز ببنگلور کے کپتان کی حیثیت سے آخری آئی پی ایل سیزن تھا جہاں آج تک رائل چینجر بنگلور آج لیگ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024