• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایم ڈی کیٹ کے خلاف مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر کی درخواست پر وزارت داخلہ و صحت سے جواب طلب

شائع October 12, 2021
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا— فائل فوٹو:اے پی پی
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا— فائل فوٹو:اے پی پی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی آخری خواہش کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے ناقص داخلہ ٹیسٹس کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی آخری دستخط شدہ درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل ایڈووکیٹ وقاص ملک عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ طلبا کو مناسب وقت دیے بغیر امتحان کا نیا سسٹم متعارف کرانا درست نہیں۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر کی آخری خواہش کے مطابق ’ایم ڈی کیٹ ’ کے خلاف درخواست دائر

ایڈووکیٹ وقاص ملک نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحت طلبا کو میرٹ پر اعلیٰ تعلیم کی سہولت ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کے لاٹھی چارج سے دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب ہوا۔

سماعت کے دوران ان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سینٹرلائزڈ آرڈر جاری نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے استدعا کی کہ پی ایم سی کے کنڈکٹ آف ایگزامنیشن ریگولیشن 2021 کو کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مذکورہ معاملے پر وزارت داخلہ اور وزارت صحت کو تین ہفتوں میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا وفات سے قبل ’ایم ڈی کیٹ‘ کو چیلنج کرنے کا ارادہ تھا

ساتھ ہی عدالت نے وزارت داخلہ سے میڈیکل کے طالب علموں کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ کتنے طالب علم تشدد سے زخمی ہوئے اور کتنے گرفتار ہوئے ریکارڈ پیش کیا جائے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ نیشنل لائسنسنگ ایگزام (این ایل ای) ٹیسٹ کیسے لیے جارہیں اس عمل سے بھی آگاہ کیا جائے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 3 ہفتوں تک کے لیے ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ وقاص ملک نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی درخواست ان کی وفات کے بعد شریک پٹیشنز کی حیثیت سے دائر کی۔

ایڈووکیٹ وقاص ملک کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جمعہ کے روز (8 اکتوبر کو) درخواست پر دستخط کیے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ایم اے کا حکومت سے میڈیکل کالجز کا داخلہ امتحان دوبارہ لینے کا مطالبہ

درخواست میں ہائی کورٹ سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج مسترد کرنے کی استدعا کی گئی۔

اس درخواست میں استدعا کی گئی کہ پی ایم سی کنڈکٹ آف ایگزامینیشن ریگولیشنز 2021 کو بنیادی حقوق کے برعکس ہونے کی وجہ سے منسوخ کیا جاسکتا ہے اور فریقین کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے کہ وہ نوجوان طلبا کو پر تشدد پالیسیوں کی نذر نہ کریں۔

خیال رہے کہ وفات سے تقریباً 11 گھنٹے قبل جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ڈان کو بتایا تھا کہ وہ میڈیکل اور ڈینٹل کالج کے ناقص داخلہ ٹیسٹس کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

ان کے الفاظ تھے کہ ’میں ناقص ایم ڈی کیٹ (میڈیکل طلبا کے داخلہ ٹیسٹ) کے خلاف پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے والا ہوں، کیوں کہ اس نے لاکھوں طالبعلموں کا مستقبل تباہ کردیا ہے‘۔

انہوں نے یہ بات پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے معاملے پر ہفتہ(9 اکتوبر) کی شام ڈان سے بات کرتے ہوئے کہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایم سی کی جانب سے ’نتائج‘ کے اعلان پر ایم ڈی سی اے ٹی کے طلبا تذبذب کا شکار

خیال رہے کہ چند روز قبل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کے نمائندوں اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے متاثرہ طلبا نے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

سیکریٹری جنرل پی ایم نے کہا تھا کہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کا ٹھیکا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نجی فرم کو دیا گیا۔

بعدازاں پی ایم سی نے کی جانب سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تقریباً 2 لاکھ امیدواروں کو ای میل کیے گئے رزلٹ کارڈ نظر انداز کرنے کا کہا گیا تھا جس میں کئی غلطیاں سرزد ہوئی ہیں، جس کے بعد طلبا اپنے مستقبل کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں۔

پی ایم سی کی جانب سے طلبا کو بھیجے گئے ای میل کے ذریعے رزلٹ کارڈ موصول ہوئے تھے لیکن کئی طلبا یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان کے نمبروں کی صحیح گنتی نہیں کی گئی تھی، کچھ رزلٹ کارڈز کے مطابق طلبا نے صرف 20 نمبروں میں سے 45 اور یہاں تک کہ 51 نمبر حاصل کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024