• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے پرکشش منافع کمایا جاسکتا ہے، وزیر اعظم

شائع October 11, 2021 اپ ڈیٹ October 12, 2021
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معدنیات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے فریم ورک کی تیاری کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معدنیات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے فریم ورک کی تیاری کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معدنیات کا شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے پرکشش منافع کمایا جاسکتا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معدنیات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے فریم ورک کی تیاری کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

مزید پڑھیں: کھیوڑہ نمک بین الاقوامی تجارتی اداروں میں رجسٹرڈ کرانے کی تیاری مکمل

اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت ترین، محمد حماد اظہر، اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈی جی ایف ڈبلیو او اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ معدنیات کا شعبہ بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری سے پرکشش منافع کمایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنیات کا شعبہ ملک کی مجموعی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے لہٰذا وفاق اور صوبوں کے مابین معدنیات کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے جلد از جلد فوکل پرسن کا تقرر کیا جائے تاکہ معدنیات کے شعبے کی ترقی کے فریم ورک پر عمل درآمد کی مؤثر نگرانی کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: صوبائی وزیر معدنیات وزارت میں 'بے جامداخلت‘ پر مستعفی

ان کا کہنا تھاکہ معدنیات کی ترقی کے حوالے سے اہل اور تربیت یافتہ انسانی وسائل سے استفادہ اور انسانی وسائل کی استعداد میں بہتری کے حوالے سے بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی کے فریم ورک کے اہداف اور مقاصد کا تعین کر کے ان کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

اس سے قبل سیکریٹری پیٹرولیم نے اجلاس کے شرکا کو معدنیات کی ترقی کے حوالے سے اسٹریٹجک منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت مجموعی قومی پیداوار میں شعبے کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن اسٹریٹجک منصوبے پر مؤثر عمل درآمد کے ذریعے آئندہ 15 سال کے دوران جی ڈی پی میں معدنیات کے شعبے کا حصہ 10 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کے پی حکومت کی کراچی کے صنعت کاروں سے صوبے میں سرمایہ کاری پر زور

منصوبے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات کو مربوط بنانے، تکنیکی سہولیات کی فراہمی، ڈیٹا بیس کی ترقی، مالیاتی فوائد، انسانی وسائل کی تربیت اور قانونی عوامل پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ کم مدتی، وسط مدتی اور طویل المدتی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

اقتصادی زونز کو سہولیات اور مراعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے خصوصی اقتصادی زونز میں زمین کی فراہمی، بجلی اور گیس کے کنکشن کی دستیابی اور ٹیکس مراعات دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اور بیرونی سرمایہ کاری بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو خصوصی اقتصادی زونز میں زمین کی فراہمی، بجلی اور گیس کے کنکشن کی دستیابی اور ٹیکس مراعات دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور اقتصادی زونز کو فعال کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹھٹہ میں غیر قانونی طور پر معدنیات، ریتی بجری نکالنے کا سلسلہ جاری

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں کل 27 خصوصی اقتصادی زونز ہیں جن میں سے 5زونز پر کام تیزی سے جاری ہے جن میں سندھ میں دھابیجی، خیبر پختونخوا میں رشکئی، بلوچستان میں بوستان، پنجاب میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور بلوچستان میں گوادر شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024