نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ دورہ ری شیڈول کررہا ہے آئندہ ہفتے اچھی خبر ملے گی، رمیز راجا
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کے دورےِ منسوخ ہونے کے معاملے پر آگاہ کیا ہے کہ غیر ملکی ٹیموں کے دورے منسوخ ہونے پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا اور کیویز کرکٹ بورڈ نے دورہِ پاکستان ری شیڈول کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
اسلام آباد میں سینیٹر رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائم کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی بی سی رمیز راجا، ایتھلیٹ ارشد ندیم، طلحہ حبیب اور دیگر نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کے دورہ پاکستان سے دستبرداری پر مایوسی ہوئی، رمیز راجا
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سامنے رمیز راجا نے کہا کہ ’ہمارے دباؤ سے نیوزی لینڈ دورہ ری شیڈول کررہا ہے اگلے ہفتے اچھی خبر سامنے آئے گی‘۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث دورہ منسوخ کیا جبکہ مجھے سیکیورٹی خدشات بتانے سے انکار کیا گیا اور جب میں برطانیہ ہائی کمشنر کے پاس گیا تو ’فائیو آئیز‘ سے متعلق بتایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس میں ہماری غلطی نہیں ہے، ساری دنیا کو معلوم ہے کہ 10 برس سے ہماری نیت کرکٹ بحالی پر مرکوز ہے لیکن ہماری مدد کسی نے نہیں کی اور ہم دوسروں کے لیے بھٹکتے رہے اور کورونا کے دوران سفر کر کے میچز بھی کھیلے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈومیسٹک سطح تک محدود رہتے ہوئے عالمی سطح کی ٹیم تیار کر سکتے ہیں، رمیز راجا
رمیز راجا نے کہا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کی آمد مارچ میں متوقع ہے۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول کرکٹ بلکل ختم ہوگئی ہے جبکہ کلب اور فرسٹ کلاس میں غیر یقینی کی صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری پالیسی واضح ہے جس کرکٹر نے میچ فکسنگ کی اسے دوبارہ ٹیم میں شامل نہیں کریں گے لیکن بدقسمتی سے ہماری سوسائٹی ایسے کرکٹرز کے ساتھ ہو جاتی ہے۔
اس ضمن میں رمیز راجا نے کہا کہ ماہرین کے مطابق آئی سی سی میں سیاست ہورہی ہے اور لوگ کہتے ہیں کہ آئی سی سی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی بن گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ’کرکٹ برادری کا رویہ ایسا ہوگا تو ہم بھی آگے چل کر کسی بات کا لحاظ نہیں کریں گے‘
علاوہ ازیں کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کے لیے بہت سے سرمایہ کاروں سے مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں اور وہ سرمایہ کار پیسے دینے کو بھی آمادہ ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ ہماری پچز اور کوچنگ ٹھیک نہیں ہیں اور پورے سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لیے 180 نہیں محض 20 فیصد فیصد تبدیل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کی تنخواہ میں ایک لاکھ روپے تک کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹرز کو سالانہ کم از کم 40 لاکھ روپے دیں گے۔
خیال رہے کہ 18 ستمبر کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے قبل 'سیکیورٹی خدشات' کی وجہ بتا کر دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔
نیوزی لینڈ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہا تھا اور اس کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے اکتوبر کے دورہ پاکستان کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بھی ’سیکیورٹی‘ کو جواز بنا کر اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا تھا۔