• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعظم کی بل گیٹس سے افغان عوام کو امداد فراہم کرنے کی درخواست

شائع October 6, 2021
وزیر اعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا — فائل فوٹو / رائٹرز / اے پی
وزیر اعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا — فائل فوٹو / رائٹرز / اے پی

وزیر اعظم عمران خان نے مائیکروسافٹ کے بانی و کھرب پتی بل گیٹس سے درخواست کی ہے کہ وہ افغان عوام کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے پر غور کریں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وزیر اعظم نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ جنگ زدہ ملک کی نصف سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور اسے مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

وزیر اعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جو پاکستان کے ساتھ پولیو کا شکار دنیا کا دوسرا ملک ہے۔

انہوں نے اس بیماری کے خاتمے کے لیے افغانستان میں پولیو کی مہمات دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت اور پولیو کے انسداد کے لیے پاکستان کی حالیہ کامیابی کی حفاظت پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: ڈبلیو ایف پی افغانستان کیلئے ’انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام‘ پر پاکستان کے کردار کا معترف

وزیر اعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی 'مسلسل پیش رفت' سے آگاہ کیا اور بی ایم جی ایف کی جانب سے فراہم معاونت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس سال وائلڈ پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے اور وائلڈ پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونے کافی حد تک کم ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مثبت پیش رفت کے باوجود مقصد کے حصول کے لیے اب بھی کام جاری ہے اور حکومت ملک میں ہر قسم کے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

بل گیٹس نے وزیر اعظم کے عزم کی تعریف کی اور فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان میں پولیو پروگرام کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پاکستان میں کسی بچے کو پولیو وائرس کا خطرہ نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کو افغانستان کے منصوبوں میں پاکستان کے تعاون کی یقین دہانی

انہوں نے وزیر اعظم کو پاکستان میں کووڈ 19 ویکسین کی تیاری پر مبارکباد دی اور فاؤنڈیشن کی طرف سے احساس پروگرام سمیت حکومت کے زیر اہتمام پروگراموں کی مسلسل حمایت کا ذکر کیا جو غربت کو کم کرنے اور قومی بچت پروگرام کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے شاندار پیش رفت کر رہے ہیں۔

بل گیٹس نے پاکستانیوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ذریعے مسلسل تعاون کی پیشکش کی۔

وزیراعظم نے بل گیٹس کا پاکستان کے ساتھ فاؤنڈیشن کی قابل قدر شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024