• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عمر شریف کی میت کل شام تک کراچی پہنچنے کا امکان

شائع October 5, 2021
عمر شریف 2 اکتوبر کو جرمنی میں انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف 2 اکتوبر کو جرمنی میں انتقال کر گئے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کی میت کل 6 اکتوبر بروز بدھ کی شام تک یورپی ملک جرمنی سے وطن پہنچنے کا امکان ہے۔

عمر شریف 2 اکتوبر کی دو پہر کو جرمنی کے شہر نیونبرگ کے ہسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

انہیں 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکا منتقل کیا جا رہا تھا کہ ان کی طبیعت جرمنی میں بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں وہاں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

عمر شریف کا جسد خاکی دو دن تک نیونبرگ کے ہسپتال میں تھا اور 4 اکتوبر کو وہاں کی مقامی انتظامیہ نے ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستانی سفارت خانے کے عملے اور ورثا کے حوالے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں عمر شریف کی نماز جنازہ ادا، میت ورثا کے حوالے کردی گئی

گزشتہ روز عمر شریف کی نیونبرگ میں نماز جنازہ بھی ادا کی گئی تھی اور یہ پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کی میت 6 اکتوبر کی شام تک وطن پہنچے گی۔

جرمنی میں اداکار کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی تھی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر
جرمنی میں اداکار کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی تھی—فوٹو: ڈاکٹر محمد فیصل ٹوئٹر

’جیو نیوز‘ کے مطابق عمر شریف کی میت کو آج نیونبرگ سے میونخ منتقل کیا جائے گا، جہاں سے ان کا جسد خاکی ترکی کے شہر استنبول لے جایا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمر شریف کی میت کل صبح کے وقت استنبول سے ترکش ایئر لائن کے ذریعے کراچی روانہ کی جائے گی اور ممکنہ طور پر ان کا جسد خاکی سہ پہر یا شام تک وطن پہنچ جائے گا۔

استنبول سے کراچی تک کا فضائی سفر سوا پانچ گھنٹے پر محیط ہے لیکن اس میں بعض اوقات زیادہ وقت بھی لگتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عمر شریف کی میت کے وطن پہنچنے کے حوالے سے سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

مزید پڑھیں: عمر شریف کی میت 2 دن میں پاکستان آنے کا امکان

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عمر شریف کی میت کو کراچی ایئرپورٹ سے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سرد خانے منتقل کیا جائے گا جب کہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عمر شریف کی نماز جنازہ 7 اکتوبر بروز جمعرات ادا کی جائے گی لیکن اگر ان کی میت جلد وطن پہنچ گئی تو 6 اکتوبر کی رات تک ان کی تدفین کردی جائے گی۔

دوسری جانب میزبان وسیم بادامی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ عمر شریف کی نماز جنازہ مولانا بشیر فاروقی صاحب بدھ کو دوپہر تین بجے ان کے نام سے منسوب عمر شریف پارک (کلفٹن بلاک 2) میں پڑھائیں گے۔

تاہم اس سے قبل اداکار کی بیوہ زرین غزل نے بتایا تھا کہ عمر شریف کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے اور انہوں نے مذکورہ فرض سر انجام دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024