• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

’گلاب‘ کیوں نہ آیا؟ ہم سے سُنیے

شائع October 6, 2021

کچھ روز پہلے شور بلند ہوا کہ سمندری طوفان ’گلاب‘ کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کو ہے، لیکن خیر ہوئی کہ وہ ’باروں بار‘ گزر گیا۔ کراچی والے بہت خوش ہوئے کہ بچت ہوگئی، لیکن کسی نے ہمارا شکریہ ادا نہ کیا کہ ہم نے کس طرح بھائی گلاب کو سمجھا بجھا کر کراچی آنے سے روکا۔

یوں تو اس طوفان کے رک جانے کا سبب ہم نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے کچھ اور بیان کیا تھا کیونکہ ہمیں ڈر تھا کہ حقیقت بتادی تو لوگ ہم سے فرمائش کرنے لگیں گے کہ ’کسی طرح مہنگائی کے طوفان کو بھی بہلا پھسلا کر واپس کردو‘ اور اس فرمائش کو پورا کرنا ہمارے بس میں نہیں، کیونکہ یہ کوئی عام طوفان نہیں بلکہ ’طوفان ترین‘ ہے۔

ہماری مذکورہ پوسٹ یہ تھی:

سمندر: ’کیا ہوا طوفان بھیا، تم تو کراچی کو ڈبونے نکلے تھے؟‘

طوفان: ’کیا کروں واپس آنا پڑا، وزیر اعلیٰ سندھ نے روک دیا کہ 18ویں ترمیم کے تحت کراچی کی تباہی صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔‘

ہماری یہ مختصر تحریر بہت سے احباب نے اپنائیت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے نام سے خوب چلائی۔ اب ہم اس پوسٹ سے یوٹرن لیتے ہوئے حقیقت بتارہے ہیں کہ یہ وزیرِاعلیٰ سندھ کا ’قانونی اور آئینی‘ نکتہ نہیں بلکہ گلاب صاحب سے ہمارا لبِ ساحل ہونے والا مکالمہ تھا جس کی وجہ سے وہ کراچی آتے آتے رہ گئے۔

یہاں ہم وہ مکالمہ درج کیے دیتے ہیں تاکہ شہری ہمارا احسان مانیں اور کل کا مؤرخ یہ جان سکے کہ کراچی میں گلاب طوفان کیوں نہ آیا۔

مزید پڑھیے: سائیں! کراچی والوں پر یہ ٹیکس لگائیں

ہم: بھائی گلاب ب ب ب ب، گلابووووو، ارے گلاب بھیااااا۔

گلاب: کیوں چِلّا رہے ہو، میں وہیں آرہا ہوں۔

ہم: ارے نہیں نہیں، یہاں مت آئیے، ہمیں جو کہنا ہے وہ وہیں کھڑے کھڑے سُن لیں۔

گلاب: عجیب بات کرتے ہو۔ میں تو اس لیے آرہا تھا کہ تمہیں بات کرنے میں آسانی ہو، چیخنا نہ پڑے، چلو تمہاری مرضی، وہیں سے چیخ چیخ کر کلام کرتے رہو۔

ہم: بھیا! آپ کی بات معقول ہے، لیکن ہم کراچی والوں کا تجربہ ہے کہ بہت دُور سے کیا جانے والا ’خطاب‘ چاہے سمجھ میں آئے نہ آئے لیکن قریب کی گفتگو سے زیادہ پُر اثر ہوتا ہے۔

گلاب: میری سمجھ میں تم کراچی والوں کی باتیں نہیں آتیں۔ خیر بکو۔

ہم: یہی تو مسئلہ ہے، ہم کراچی والے برسوں سمجھ میں نہ آنے والی باتوں پر بنا سمجھے ہی عمل کرتے رہے، اور ہماری سمجھ میں آنے والی باتیں بھی کوئی نہیں سمجھ پاتا۔

گلاب: اُف، بہت پکاتے ہو بھئی، اب جو کہنا ہے کہو، ورنہ میں آرہا ہوں۔

اس پر ہمارے منہ سے بے ساختہ نکلا ’نئیں بھائی نئیں’، پھر عرض کیا۔

ہم: دیکھیے بھائی گلاب! خدارا! کراچی مت آئیے۔

گلاب: (بدتمیزی پر اترتے ہوئے) کیوں بے!

ہم: دیکھیے ایک تو جو فریضہ آپ انجام دینے یہاں آرہے ہیں وہ حکومتِ سندھ بخوبی ادا کر رہی ہے۔ ہم نے شہر کی تصویریں دکھائیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ اس شہر میں تباہی پھیلانے کی آپ کی ’مُراد‘ بر آئی ہے، پھر آپ کو یہاں آنے کی کیا ضرورت؟

گلاب (سوچتے ہوئے): تمہاری بات دل کو لگتی ہے، چلو تباہی نہیں پھیلاتا، سمندر میں سفر کرتے کرتے تھک گیا ہوں، سوچ رہا ہوں اب سمندر چھوڑ کر کراچی میں بس جاؤں۔

ہم: گلاب بھیا! اس شہر میں رہنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں، یہاں رہنے والے کو ہر دم چوکنا رہنا پڑتا ہے۔

گلاب: اچھا؟ میں نے تو سنا تھا کہ کراچی میں رہنے کی بس ایک ہی شرط ہے کہ ’اس شہر میں رہنا ہے تو اوقات میں رہنا‘۔

ہم (ٹھنڈی سانس بھرتے ہوئے): یہ پرانی بات ہوگئی، جو اوقات میں رکھتے تھے وہ ان دنوں مکافات میں، حوالات میں یا بیرون ملک مکانات میں ہیں۔ اب تو شہریوں کو کورونا کے بہانے اوقات میں نہ رہنے پر دھر لیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیے: کے الیکٹرک سرکار کے ہر کار میں خودکار شریک کار

گلاب: اوہ اچھا، چلو خیر یہ بتاؤ اس شہر میں رہنے کے لیے مجھے کیا کرنا پڑے گا؟

ہم: سب سے پہلے تو آپ کو چنگچی میں یوں بچ بچا کر چڑھنا اور اترنا سیکھنا ہوگا کہ سامنے بیٹھی خواتین سے آپ کا گھٹنا نہ ٹکرائے، ورنہ آپ کے پٹنے کی ’گَھٹنا‘ پیش آسکتی ہے۔

گلاب: یہ تو بہت مشکل ہے۔

ہم: آگے تو سنیے۔ آپ کو چلتی بس سے کود کر بیچ سڑک پر اترنے کی بھی مشق کرنی ہوگی۔

گلاب: نہیں یار۔

ہم: اتنا ہی نہیں۔ اگر آپ کار یا موٹرسائیکل چلا رہے ہیں تو شہر کی ساری سڑکوں اور گلیوں کے سب گڑھوں کو یاد رکھنا ہوگا۔

گلاب: ابے لے۔

ہم: اور آپ کو شہر کے سارے کھلے گٹر بھی حفظ ہونے چاہئیں، ورنہ بارش میں ذرا سی لغزش سے آپ جیسا طوفان کسی گٹر کو دان ہوجائے گا۔

گلاب: ارے باپ رے۔

ہم: اور ہاں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دُور رہیے گا، ورنہ منٹوں میں گلاب سے کالی گلاب جامن میں تبدیل ہوجائیں گے۔

گلاب: بس کردے بھائی، کتنا ڈرائے گا۔

ہم: پانی پینا ہو، منہ دھونا ہو یا نہانا ہو، تو نل مت کھولیے گا ورنہ وہ شرم سے پانی پانی ہوجائے گا۔ اپنی ضروریات کے لیے آپ کو پانی خریدنا پڑے گا۔

گلاب: اتنی مشکل زندگی! اچھا یہ بتاؤ یہاں مجھے سرکاری ملازمت مل جائے گی؟

ہم: آپ کراچی کے ساحل سے شہر میں آئے تو ہرگز نہیں، اس کے لیے ذرا آگے جاکر ٹھٹہ کے ساحل سے خشکی پر تشریف لائیں اور پھر کراچی میں داخل ہوں تو ملازمت مل جائے گی۔

گلاب: اوہو، اچھا۔

مزید پڑھیے: ‘مغلوں نے کراچی کے ساتھ بہت تعصب برتا‘

ہم: بچے ہیں؟

گلاب: ہاں، دو ہیں، بیٹا بھنور اور بیٹی موج۔

ہم: بس تو انہیں اسکول میں داخل کروانے کے لیے سمندر سے خزانہ نکالتے لائیں۔

گلاب: یہ بھی کرنا پڑے گا؟ یار آخر اس شہر کے لوگوں کو کوئی سہولت بھی حاصل ہے؟

ہم: بس ایک سہولت حاصل تھی، انتخابات کے موقع پر شہریوں کے ووٹ خود بخود ڈبے میں پہنچ جاتے تھے، ووٹر کو جانا نہیں پڑتا تھا۔

گلاب: اور اب؟

ہم: اب خودکار نظام کے باعث ووٹ اتنے خود کفیل ہوگئے ہیں کہ ڈالو کسی کو پڑ کسی اور کو جاتے ہیں۔

گلاب: ووٹ سے خیال آیا، میں یہاں سیاست کروں تو کیسا رہے گا؟

ہم: ان دنوں تو شہر کی فضا سیاست ختم ہونے کے لیے سازگار ہے، سیاست شروع کرنا ہے تو کہیں اور جائیے۔ ’سیاست‘ نام ہے جس کا گئی تیمور کے گھر سے۔

گلاب: نہیں بھیا، اس شہر میں رہنے کے لیے تو طوفان سے زیادہ حوصلہ چاہیے، ہم سے نہ ہوپائے گا۔

اتنا کہہ کر گلاب بھیا سٹک لیے، اور ہم نے گھر کی راہ لی۔


یہ طنزیہ تحریر ہے

عثمان جامعی

عثمان جامعی شاعر، قلم کار، مزاح نگار، بلاگر، صحافی ہیں۔ آپ کی تین کتابیں شائع ہوچکی ہیں، جن میں فکاہیہ مضامین کا مجموعہ ’کہے بغیر‘، شعری مجموعہ ’میں بس ایک دیوار‘ اور کراچی کے حوالے سے ناول ’سرسید، سینتالیس، سیکٹرانچارج‘ شامل ہیں۔ آپ اس وقت ایک اخبار میں بطور ’سنڈے میگزین‘ انچارج ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Syed Hashir Ali Oct 11, 2021 11:14am
Very funny and attracted mashallah

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024