• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
پینڈورا پیپرز میں اہم سیاسی، کاروباری اور فوجی شخصیات اور ان کے اہلخانہ کے نام شامل ہیں— فائل فوٹوز

پینڈورا پیپرز میں کن کن پاکستانیوں کے نام شامل ہیں؟

لیکس میں کابینہ کے اراکین، وزرا، میڈیا، فوجی افسران کے رشتہ دار اور طاقتور تاجر سمیت پاکستان کی اہم ترین اشرافیہ کے نام شامل ہیں۔
شائع October 4, 2021

دنیا بھر کی اعلیٰ شخصیات کے مالیاتی امور کے حوالے سے ایک بڑی بین الاقوامی تحقیق 'پینڈورا پیپرز' میں کابینہ کے اہم اراکین، وزرا، میڈیا، فوجی افسران کے رشتہ دار اور طاقتور تاجر سمیت پاکستان کی اہم ترین اشرافیہ کے نام شامل ہیں۔

تحقیقاتی صحافیوں کے عالمی ادارے (آئی سی آئی جے) کی جانب سے جاری کیے گئے پیپرز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کابینہ کے اراکین سمیت وزیر اعظم عمران خان کے اندرونی حلقے کے افراد، کابینہ اراکین کے اہلخانہ، سیاسی اتحادی اور بڑے مالی معاونین، خفیہ طور پر آف شور کمپنیوں اور ٹرسٹوں کے مالک ہیں اور بیرون ملک کروڑوں ڈالر کی دولت چھپائے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پینڈورا پیپرز: میڈیا مالکان، فوجی افسران کے اہلِ خانہ، کاروباری افراد کے مزید ناموں کا انکشاف

قانون کے تحت اگر کمپنی کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہو تو آف شور کمپنی قائم کرنا جرم نہیں ہے لیکن جن لوگوں نے ان کمپنیوں کو اپنے گوشواروں میں اثاثے قرار نہیں دیا ہے انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اگرچہ آئی سی آئی جے کی جانب سے ابھی تک مکمل اعداد و شمار منظر عام پر نہیں لائے گئے، آئی سی آئی جے اور دی نیوز کے صحافیوں کی جانب سے اب تک سامنے آنے والے پینڈورا پیپرز میں میں درج ذیل پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔

سیاستدان

  • وزیر خزانہ شوکت ترین اور ان کے اہلخانہ
  • وزیر آبی وسائل مونس الٰہی
  • سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا
  • وزیر اعظم کے سابق مشیر وفاق مسعود خان کے بیٹے عبداللہ مسعود خان
  • وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار کے اہلخانہ
  • تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان
  • پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن
  • مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کے بیٹے علی ڈار
  • پی ٹی آئی کے عطیہ کنندہ عارف نقوی
  • پی ٹی آئی کے عطیہ کنندہ طارق شفیع
  • مسلم لیگ (ق) کے سربراہ پرویز الٰہی کی اہلیہ
  • سابق چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیقی کے بیٹے یاور سلمان

فوجی گھرانے یا ان کے اہلخانہ

  • لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شفاعت اللہ شاہ کی اہلیہ
  • ریٹائرڈ فوجی افسر اور سابق وزیر راجا نادر پرویز
  • آئی ایس آئی کے سابق ڈائریکٹر جنرل برائے انسداد انٹیلی جنس میجر جنرل ریٹائرڈ نصرت نعیم
  • پاک فضائیہ کے سابق سربراہ عباس خٹک کے بیٹے عمر اور احد خٹک
  • لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حبیب اللہ خان خٹک کی بیٹی شہناز سجاد احمد (جو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ علی کلی - خان کی بہن اور سابق وفاقی وزیر گوہر ایوب خان کی بھابھی بھی ہیں)
  • لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد افضل مظفر کا بیٹا محمد حسن مظفر
  • لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول کے داماد احسن لطیف
  • لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ تنویر طاہر کی اہلیہ زہرہ تنویر

کاروباری شخصیات

  • ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شعیب شیخ
  • نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر عارف عثمانی
  • نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر عدنان آفریدی
  • پشاور زلمی کے مالک اور معروف صنعتکار جاوید آفریدی

میڈیا مالکان

  • جنگ گروپ کے پبلشر میر شکیل الرحمن
  • ڈان میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید ہارون
  • ایکسپریس میڈیا گروپ کے پبلشر سلطان احمد لاکھانی
  • پاکستان ٹوڈے کے پبلشر (مرحوم) عارف نظامی
  • گورمے گروپ جن کی زیر ملکیت جی این این ٹی وی بھی ہے