• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سندھ میں سی این جی کی قیمت میں 15 روپے، پنجاب میں 8 روپے اضافہ

شائع October 3, 2021
انہوں نے کہا کہ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ قیمت اگلے مہینے سے کم ہونا شروع ہو جائے گی —فائل فوٹو: اے پی پی
انہوں نے کہا کہ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ قیمت اگلے مہینے سے کم ہونا شروع ہو جائے گی —فائل فوٹو: اے پی پی

لاہور: صوبہ سندھ میں کمپرسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں 15 روپے فی کلوگرام اور صوبہ پنجاب میں 8 روپے فی کلو گرام اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کی بالترتیب قیمت بڑھ کر 184 روپے اور 123 روپے ہوگئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے نوٹی فکیشن کے نئے نرخ گزشتہ روز سے نافذ کیے گئے۔

مزید پڑھیں: گیس بحران میں شدت: سی این جی اسٹیشنز، صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر غیاث پراچہ نے بتایا کہ حکومت نے ایل این جی کارگو کی موقع پر خریداری کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ سے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) بہت زیادہ نرخوں پر خریدی۔

انہوں نے کہا کہ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ قیمت اگلے مہینے سے کم ہونا شروع ہو جائے گی کیونکہ حکومت طویل المدتی 10 سالہ معاہدے کے تحت ہر ماہ قطر سے دو ایل این جی کارگو لے گی۔

ان کے مطابق دیگر عوامل، جن کی وجہ سے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، عام سیلز ٹیکس (ایل این جی درآمد پر) میں 5 سے 17 فیصد اضافہ، ایل این جی کی درآمد پر 5 فیصد کسٹم ڈیوٹی کا نفاذ اور تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈالر کے تبادلے کی شرح شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ، بلوچستان میں 'سی این جی' کی 4 روزہ بندش کا اعلان

غیاث پراچہ نے مزید کہا کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کے پیچھے مذکورہ بالا عوامل کارفرما ہیں جو ہر ماہ نظر ثانی کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک حالیہ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کی قیادت میں وزیر خزانہ پر زور دیا تھا کہ وہ سی این جی سیکٹر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق ایل این جی درآمد کرنے کی اجازت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کیس کو اچھی طرح واضح کیا کہ درآمدی بل پر 82 ارب روپے کا اثر پڑے گا اگر ہم نجی معاہدے کے تحت کم از کم 50 ملین کیوبک فٹ یومیہ ایل این جی درآمد کریں گے۔

غیاث پراچہ نے کہا کہ وفاقی وزیر ہماری وضاحت سے مطمئن تھے اور متعلقہ محکموں کو اس مسئلے کو حل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

مزید پڑھیں: پنجاب، خیبرپختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی دوبارہ معطل

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سی این جی کی قیمتوں کو کم کرنا چاہتی ہے تو اسے ایل این جی کی درآمد کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرول اور ایل پی جی کی طرح ایل این جی کی درآمدات پر سیلز ٹیکس میں چھوٹ دی جائے تاکہ سستے نرخوں پر ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024